محسن نقوی کی مداخلت؛ ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے سلیکٹروں کی مشاورت، 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے یکم جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
قبل ازیں ٹیم کا اعلان 22 مئی کو ہونا تھا ۔غیر ضروری تاخیر کے باعث بورڈ کے چئیرمین سید محسن رضا نقوی نے آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کی سیلیکشن کے عمل میں سیلیکٹرز میں مشاورت کے فقدان پر اعتراض کیا تھا اور تمام سیلیکٹرز کو ہدایت کی تھی کہ طریقہ کار کے مطابق باہمی مشاورت کر کے ٹیم کی سیلیکشن کریں۔ اس کے بعد سیلیکٹرز کی باہمی مشاورت ہوئی اور جمعہ کی شب 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔
امریکہ اور کیریبین میں یکم جون سے 29 جون تک ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں بابر اعظم پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابر اعظم (کپتان) ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، اعظم خان ، فخرزمان ، حارث رئوف ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔ ٹیم پانچ بولرز تین وکٹ کیپر اورچار آل رائونڈر پر مشتمل ہے جبکہ تین بیٹسمین ہیں۔ پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم میں کوئی ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
15 کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، محمد عباس آفریدی، صائم ایوب اور عثمان خان کوپہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ جب کہ محمد عامر اور عماد وسیم دو بار 2016 اور 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے تھے۔دیگر آٹھ کھلاڑیوں نے 2022 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔
سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی باصلاحیت اور متوازن ٹیم ہے جس میں نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج موجود ہے۔ یہ کھلاڑی کچھ عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور عالمی ایونٹ کے لیے اچھی طرح تیار ہیں۔ حارث رئوف مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیٹ پر اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ آنے والے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دیگر بولرز کے ساتھ ان کا اہم کردار ہوگا۔
2009 میں پاکستان نے یونس خان کی قیادت میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔2007 میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے شعیب ملک کی قیادت میں فائنل کھیلا تھا جبکہ 2022 میں بھی پاکستان نے بابراعظم کی قیادت میں فائنل کھیلا۔ 2010 ۔2012 ۔ اور 2021 میں پاکستان سیمی فائنل کھیل چکا ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول
6جون ۔ بمقابلہ امریکہ گرینڈ پریری کرکٹ اسٹیڈیم ۔ڈلاس۔
9جون۔ بمقابلہ ۔ انڈیا۔ ناسا کانٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ۔ نیویارک۔
11جون ۔ بمقابلہ کینیڈا ۔ ناسا کانٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم۔ نیویارک۔
16جون ۔ بمقابلہ آئرلینڈ۔ سینٹرل براورڈ پارک اینڈ براورڈ کانٹی اسٹیڈیم لاڈرہل ۔ فلوریڈا۔
پاکستان کو پہلے رانڈ میں اے ٹو A2 سیڈ رکھا گیا ہے۔ اگر وہ دوسرے رانڈ میں کوالیفائی کرتا ہے تو اس کے میچز اسطرح ہونگے۔
19جون بمقابلہ ڈی ون ۔انٹیگا
21جون بمقابلہ سی ٹو۔باربیڈوس
23جون بمقابلہ بی ون ۔ باربیڈوس۔