ایبٹ آباد: اسلام آباد کے پولیس انسپکٹر نے اپنی ہی بیٹی مار ڈالی

انیس سالہ طاہرہ بی بی سیکنڈ ائیر کی طالبہ تھی گولی گلے پر لگی،قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی

ایبٹ آباد:ایبٹ آباد کے تھانہ میرپور کی حدود میں اسلام آباد پولیس کے ایس ایچ او نے اپنی 19 سالہ بیٹی کو گولی مار کرقتلکر دیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ تھانہ میرپور کی حدود گاں ڈھیریاں کے رہائشی اجمل خان اسلام آباد پولیس میں فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ حال ہی میں ان کو ایس ایچ او کے عہدے پر ترقی ملی تھی۔
اجمل خان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کو اچانک کوئی ذہنی مسئلہ ہو گیا۔ جب وہ چھٹی پر گھر آئے تو بندوق اٹھا کر گھومتے تھے اور ہر کسی کو مارنے کی دھمکیاں دیتے تھے۔اور ان کی بندوق میں صرف ایک گولی ہوتی تھی۔ ذرائع کے مطابق اجمل خان کی انیس سالہ بیٹی طاہرہ بی بی سیکنڈایئر کی طالبہ تھی۔ اجمل خان نے اپنی بیٹی طاہرہ بی بی پر فائر کیا جوکہ اس کے گلے میں لگا۔ جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ عاصمہ بی بی زوجہ اجمل خان کی دعویداری پر تھانہ میرپور میں ایف آئی آر علت نمبر: 1046جرم: 302/311پی پی سی درج کرکے اجمل خان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تاحال قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تفتیش جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔