غزہ کے بعد اسرائیل کے یمن، شام اور لبنان پر حملے، اسرائیلی ٹینک زمینی جنگ کے لئے لبنان میں داخل

اسلام آباد : اسرائیل کی عرب ممالک کے خلاف جنگی جارحیت کے باعث جنگ پورے مشرق وسطحی میں پھیل رہی ہے۔ اسرائیل نے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی زمینی جنگ شروع کر دی ہے ۔ اسرائیلی ٹینک لبنان میں داخل ہو گئے ہیں اور انہیں فضائیہ کی مدد بھی حاصل ہے۔ غزہ اور لبنان کے علاوہ اسرائیل نے یمن اور شام پر بھی فضائی حملے کئے ہیں۔ امریکہ حسب معمول اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے۔امریکہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے لبنان پر زمینی حملے سے قبل امریکہ کو اعتماد میں لیا تھا اورہم اسرائیل کے اس حق دفاع کو تسلیم کرتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس نے اسرائیل کے لبنان پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کے لئے تباہ کن قراردیا۔
غیر ملکی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان میں داخل ہو گئی ہے، زمینی فوج کو فضائیہ کی مدد حاصل ہے۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی دفاعی افواج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف محدود، مقامی اور ٹارگٹڈ چھاپے کے ساتھ زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ اور آئی ڈی ایف آرٹلری علاقے میں فوجی اہداف پر درست حملوں کے ساتھ زمینی افواج کی مدد کر رہے ہیں، زمینی آپریشن کا مقصد سرحدی علاقوں میں حزب اللہ کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنانا ہے۔
خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق لبنان کی فوج سرحدی علاقوں سے 5 کلو میٹر پیچھے چلی گئی ہے، جبکہ حزب اللہ کے نائب رہنما نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ ان کا گروپ اسرائیل کی زمینی کارروائی کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب بیروت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے، ایک سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ زور دار دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تقریبا ایک گھنٹے بعد اسرائیلی فوج نے رہائشیوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ لبنانی دارالحکومت کے جنوب میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے پر مشتمل عمارتوں کے قریب کے علاقوں کو خالی کردیں۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے یمن میں راس عیسی اور حدیدہ کے علاقوں میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔جبکہ شام کے درالحکومت دمشق پر بھی فضائی حملہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہ گیا کہ اسرائیلی فوج نے فضائی حملے میں پاور پلانٹس اور ایک سمندری بندرگاہ کو نشانہ بنایا جو تیل کی درآمد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حوثی باغیوں نے تل ابیب ایئرپورٹ پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے طیارے کی لینڈنگ کے وقت راکٹ داغا تھا جسے اسرائیلی دفاعی نظام نے تباہ کردیا تھا۔



