جامع آزادانہ تجارتی معاہدہ پاکستان اور ترکی کے تجارتی تعلقات کو مضبوط کرے گا،پرویز ملک

انقرہ … وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری محمد پرویز ملک کی زیر قیادت ترکی کا دورہ کرنے والے پاکستانی وفد نے ترکی کے کسٹمز، تجارت اور داخلہ کے وزراءسے  الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دونوں ترک وزراءنے ترکی میں 15 جولائی 2016ءکو ہونے والی ناکام بغاوت بارے پر پاکستانی قیادت، پارلیمنٹ اور عوام کی طرف سے حمایت اور یکجہتی کے اظہار کو سراہا۔ ترکی کے وزیر برائے کسٹمز اور تجارت بلند طوفنکی کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں وزراءنے کہا کہ جامع آزادانہ تجارتی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید آگے لے جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آزادانہ تجارتی معاہدہ سے پاک ترکی اقتصادی شراکت داری کو فروغ ملے گا جیسا کہ یہ دونوں ممالک کی قیادت کا بھی وژن ہے۔ دونوں اطراف نے تعاون کی راہیں تلاش کرنے اور کسٹمنر کی سمگلینگ روکنے اور انڈر انواسینگ جیسے امور میں تجربات کا تبادلہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین خصوصی تعلقات ہیں جن کو پارلیمانی تبادلہ جات ، عوام سے عوام کی سطح پر رابطوں کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جانا چاہئے۔ ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا کیونکہ دہشت گردی دونوں ممالک کی مشترکہ دشمن ہے