ایف آئی اے کی کاروائی پی ڈبلیوڈی اور ہاوسنگ اتھارٹی کے کرپٹ افسران گرفتار

گرفتار ملزمان میں دونوں‌اداروں‌کے 3 انجنئیر معراج آفریدی ، محمود عرفان قریشی اور نعیم اختر شامل ہیں

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے کرپشن، بدعنوانی اور سرکاری فنڈز میں خرد برد میں ملوث پی ڈبلیو ڈی اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کے 3 سرکاری آفسران کو گرفتارکرلیا ہے.
قبضہ گروپ اور سرکاری افسران کی ملی بھگت سے کرپشن اور سرکاری فنڈز کی خورد برد میں ملوث 3 انجنئیر گرفتار کئے گئے ہیں.گرفتار ملزمان میں معراج آفریدی ، محمود عرفان قریشی اور نعیم اختر شامل ہیں. ملزم معراج آفریدی اور محمود عرفان قریشی پی ڈبلیو ڈی میں بطور اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر تعینات تھے .جبکہ نعیم اختر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی میں بطور سب انجنئیر تعینات تھا
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا.ملزمان موضع تھلہ سیداں جی 14 کی سب سیکٹرز کے سپلیمنٹری ایوارڈ آف بلٹ اپ پراپرٹیز (BUPs) میں جعل سازی اور کرپشن میں ملوث ہیں
ملزمان نے مبینہ طور پر اصل مالکان کو دیے جانے والے بی یو پیز کے ساتھ ساتھ 5 بی یو پیز پر غیر قانونی طور پر پرائیویٹ افراد کو شریک مالک ظاہر کیا.
پرائیویٹ افراد نےجعلی کوائف کی بنیاد پر رقم اور پلاٹس حاصل کیے۔ملزمان نے سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مذکورہ جعلسازی کی اور قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا.
ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے