
وفاقی حکومت کی طرف سے فوج طلب کرنے کے معاملے پر عسکری حکام نے وزارت داخلہ کو جواب ارسال کر دیا ہے۔
جواب میں عسکری حکام کی جانب سے کہا گیا ہے پاک فوج تفویض کردہ ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار ہے، سول حکومت کی مدد پاک فوج کی آئینی ذمہ داری ہے۔
فوج کی تعیناتی سے پہلے عسکری حکام کی جانب سے حکومت سے تین نکات پر وضاحت مانگ لی گئی ہے۔
عسکری حکام نے کہا ہے کہ اعلی عدلیہ نے آتشیں اسلحے کے بغیر کاروائی کا حکم دے رکھا ہے۔
عسکری حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے اپنی بھرپور اہلیت سے کام نہیں کیا، پولیس کے ساتھ رینجرز موجود تھی، لیکن رینجرز کو تحریری احکامات کیوں نہیں دئیے گئے؟
عسکری حکام نے یہ بھی کہا مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے روایتی طور پر فوج استعمال نہیں کی جاتی، ہنگامہ حل کرنے کے لیے فوج کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ہنگامہ ختم کرنے کی خاطر فوج کی تعیناتی کے لیے ان معاملات کی وضاحت ضروری ہے۔
فیض آباد دھرنا کی وجہ سے دارالحکومت اسلام آباد میں قیام امن کے لیے فوج طلب کرلی گئی، وزارت داخلہ نے فوج کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فوج کو فوری طور پر تاحکم ثانی تعینات کیا جائے، فوج آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کرے گی۔
فوجی جوانوں کی تعداد کا تعین کمانڈر 111 بریگیڈ کریں گے، فوج کی مناسب تعداد سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پورے اسلام آباد میں تعینات کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا، سمری چیف کمشنر اسلام آباد کی طرف سے وزارت داخلہ کو ارسال کی گئی ، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
وزارت داخلہ کی بیوروکریسی کی عجلت کی وجہ سے نوٹیفکیشن میں بنیادی خامیاں پائی گئیں، نوٹیفکیشن میں سیریل نمبر 2013 کا درج ہے جبکہ اس میں ای سی او سمٹ کا ذکر بھی موجود ہے ۔
اس سے قبل فیض آباد میں دھرنے والوں کو ہٹانے کے لئے پولیس کی کارروائی کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی ،مظاہرین اسلام آباد کی مختلف سڑکوں پر موجود ہیں،جھڑپوں میں 200 سے زائد افراد زخمی ،10سے زائد پولیس کی گاڑیاں بھی نذر آتش کردی گئی ۔
مظاہرین نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے گھر پر حملہ کیا ، اندر داخل ہوگئے ،مین گیٹ جلادیا ،گھر سے نکلنے والی بکتر بند گاڑی توڑ پھوڑ دی ،قریبی کثیر المنزلہ عمارت کو بھی آگ لگادی ۔
پولیس حکام کے مطابق فیض آباد میں دھرنے والوں کے خلاف آپریشن چار گھنٹوں سے معطل ہے،عدالت کے احکامات پر اسلام آباد کے علاقے فیض آباد انٹرچینج پر 20روز سے جاری دھرنا ختم کرانے کےلیے انتظامیہ صبح سے آپریشن کررہی ہے۔



