نوٹیفکیشن جاری رولز کے تحت اپوزیشن لیڈر کی تقرری 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگی
پانچ اگست کو الیکشن کمیشن نے عمر ایوب خان کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا جس کے بعد سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی نشست خالی تھی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے صدر اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کردیا گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی بزنس رولز کے تحت اپوزیشن لیڈر کی تقرری 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔
یا درہے کہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ 9 مئی کیس میں عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود اچکزئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا۔
قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران سپیکر ایاز صادق چئیرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرکو یقین دہانی کرائی تھی کہ آج جمعرات کو نوٹیفکیشن ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ پانچ اگست کو الیکشن کمیشن نے عمر ایوب خان کو قومی اسمبلی اور شبلی فراز کو سینٹ کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔جس سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی نشست خالی ہوگئی تھی۔




