ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے

ایران کے سرکای میڈیا نے اہل خانہ سمیت ان کی شہاد ت کی تصدیق کر دی
خامنہ ای نے حسینی یاد تازہ کرتے ہوئے جان دے دی لیکن باطل کے سامنے سر نہ جھکایا
سپریم لیڈر کی شہادت پر 7 روزہ تعطیل اور 40 روز تک سوگ کا اعلان بدلہ لیں گے پاسداران انقلاب

اسلام آباد:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں اہل خانہ سمیت شہید ہو گئے ہیں۔ ایرانی کے سرکاری میڈیا نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کے ساتھ شہید ہونے والوں میں ان کی بیٹی ،داماد ، بہو اور نواسی بھی شامل ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای ہفتہ کو ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے تھے سپریم لیڈر کی شہادت ان کے دفتر میں ہوئی۔خامنہ ای نے حسینی یاد تازہ کرتے ہوئے جان دے دی لیکن باطل کے سامنے سر نہ جھکایا۔ سپریم لیڈر کی شہادت پر 7 روزہ تعطیل اور 40 روز تک سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب نے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ عراق میں بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ عراق میں مقدس روزوں پر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن کر دی گئیں۔ ان کی شہادت کی خبر سنتے ہیں بڑی تعداد میں ایرانی عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔تہران کے انقلاب چوک میں بھی سوگواران کا ہجوم جمع ہونا شروع ہو گیا ہے۔ آیت اللہ خانہ ای 1989 سے ایران کے سپریم لیڈر بنے تھے، وہ آیت اللہ خمینی کے انتقال کے بعد ان کے جانشین بنے۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ اور اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر ساتھیوں کے ہمراہ زیر زمین بینکر میں تھے، آیت اللہ علی خامنہ ای کے کمپاونڈپر 30 بم گرائے گئے۔ ایرانی سپریم لیڈر درجنوں ساتھیوں سمیت مارے گئے۔اسرائیلی میڈیا نے کہا تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت کی تصویر امریکی صدر کو دکھائی گئی۔
بر طانوی میڈیا نے بھی اسرائیلی حکام کے حوالے سے کہا تھا کہ خامنہ ای کی لا ش ملی ہے۔اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ایسے اشارے ملے ہیں کہ ایرانی سپریم لیڈرخامنہ اب نہیں رہے۔ان کا کہنا تھاکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈربھی مارے گئے ہیں، خامنہ ای کے کمپانڈ کو تباہ اورسینئر جوہری حکام بھی مارے گئے اور آنے والے دنوں میں مزید ہزاروں اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔نیتن یاہو کا کہنا تھاکہ ایران کے خلاف کارروائی جب تک ضروری ہوئی جاری رہے گی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران ہمارے انٹیلی جنس اور ٹریکنگ سسٹم کو مات نہیں دے سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ خامنہ ای کی موت ایران اور دنیا کے لئے انصاف ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل نے ایران پر بحری اور فضائی حملے کیے جن میں 201 ایرانی شہری شہید اور 747 زخمی ہوئے تھے۔خبر ایجنسی کے مطابق حملوں میں ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور شہید ہوگئے ہیں۔ ایک سکول پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں بڑی تعداد میں طالبات بھی شہید ہو گئی تھیں۔