کامیابی حاصل کرتے ہی کھلاڑی خوشی سے سجدہ ریز ہوگئے
اسماعیلیہ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ قوم کو آٹھ سال بعد یہ خوشی کی خبر ملی ہے۔ مصر کے شہر اسماعیلیہ میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے آئندہ سال ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنا لی۔جو اگست ستمبر میں ہالینڈ اور بلجئیم میں کھیلا جائے گا۔
ایک موقع پر جاپان ایک تین سے مقابلہ جیت رہا تھا تاہم پاکستان نے کم بیک کیا اور جاپان پر لگاتار تین گول کر کے میچ تین چار سے جیت لیا۔ میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل جاپان کو پنالٹی اسٹروک ملا، تاہم پاکستان کے گول کیپر علی رضا نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو روک لیا، جس سے نہ صرف جاپان کی برتری کا موقع ضائع ہوگیا بلکہ پاکستان کی فتح بھی یقینی ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے گول اسکور کیے اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 14 اگست سے ہوگا اور اس کی میزبانی بیلجیم اور نیدرلینڈز مشترکہ طور پر کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم گزشتہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی، جبکہ قومی ٹیم آخری بار 2018 کے ہاکی ورلڈ کپ میں شریک ہوئی تھی۔




