سب سے طاقتور ہیں کسی مدد کی ضرورت نہیں ، ٹرمپ

امریکا کو نیٹو یا دیگر اتحادی ممالک کی مدد کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی خواہش
اتحادیوں کی حفاظت کیلئے ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتے ہیں اس کے باوجود وہ امریکا کی مدد کے لیے آگے نہیں آتے
ٹرمپ کا دورہ چین بھی منسوخ جیسے ہی ممکن ہوا نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا دنیا کا سب سے طاقتور ملک ہے اور اس کو نیٹو یا دیگر اتحادی ممالک کی مدد کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی خواہش۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکا کو جاپان، آسٹریلیا یا جنوبی کوریا کی حمایت کی بھی ضرورت نہیں رہی اور وہ اپنے دفاع اور اقدامات کے لیے خود کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی ممالک نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔ تاہم انہیں اس فیصلے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہر سال نیٹو ممالک کی حفاظت پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود اتحادی ممالک امریکا کی مدد کے لیے آگے نہیں آتے۔
ایران کے بارے میں انہوں نے دعوی کیا کہ اس کی فوجی صلاحیتیں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں۔ اور امریکا کی کامیابی کے بعد ایران اب کسی کو دھمکا نہیں سکے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ امریکا دنیا کا سب سے طاقتور ملک ہے۔ اور اسے کسی بھی ملک یا اتحاد کی مدد کی ضرورت نہیں۔ جبکہ امریکا ہمیشہ اپنے اتحادیوں کی مدد کرتا آیا ہے لیکن بدلے میں وہ تعاون نہیں ملتا۔
دوسری طرف وائٹ ہاس کے مطابق امریکی صدر کا دورہ چین بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ چین نے صدر ٹرمپ کا دورہ ملتوی کرنے پر اتفاق کر لیا ہے ،جیسے ہی ممکن ہوا دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔