وزیراعظم یوتھ پروگرام کا کوآرڈینیٹر منتخب ہونے پر عظیم خان کے اعزاز میں تقریب

اسلام آباد( نیوزرپورٹر) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے کوآرڈینیٹر منتخب ہونے پر عظیم خان کے اعزاز میں مبارکباد پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، سابق ڈپٹی میئر اعظم خان، چیئرمین یونین کونسل مرزا حفیظ، حارث خان اور عامر شہزاد خان نے عظیم خان سے ملاقات کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عظیم خان اپنی نئی ذمہ داری بہترین انداز میں نبھاتے ہوئے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہا کہ قوم مضبوط دیوار کی مانند متحد ہو جائے تو کوئی طاقت اس کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی،انہوں‌نے مبارکباد دینے والے تمام معززین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے وژن کے مطابق نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، روزگار اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔