مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے سیف اللہ لودھی روڈ پر القدس فری ڈائیلاسز سنٹر کا افتتاح
راولپنڈی ( سٹی رپورٹر ) انسانیت کی خدمت دنیا وآخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے، پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے معاشرے میں سفید پوش طبقہ اپنی ضروریات زندگی بمشکل پوری کر تا ہے اور اپنے اہل و عیال کو معیاری علاج معالجہ کی سہولت فراہم نہیں کر سکتا ،صاحب ثروت شہریوں کو فلاحی منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ، صحت مند معاشرہ ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی صحت کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کر یگی، ان خیالات کا اچیئرمین خدمتِ خلق مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ، صدر مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی ڈویژن احسان اللہ منصور، صدر مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی شہباز راجپوت، جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی انجینئر مبین صدیقی، سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی، صدر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد انعام الرحمن کمبوہ، نائب صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس فہد برلاس، ڈاکٹر عبدالجبار بلال، الشفا اسلامک سنٹر کے محمد نعیم، ممبر القدس ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد حسن، مکان ڈاٹ کام کے نمائندے، انچارج القدس میڈیکل سنٹر نثار خان، ترجمان حافظ عبد القدوس نے راولپنڈی کے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور مستحق مریضوں کی خدمت کے لیے مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمتِ خلق کے زیرِ اہتمام القدس میڈیکل سنٹر، سیف اللہ لودھی روڈ پر القدس فری ڈائیلاسز سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمتِ خلق کے زیر اہتمام راولپنڈی القدس میڈیکل سنٹر کا پانچواں فلاحی منصوبہ ہے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ القدس فری ڈائیلاسز سنٹر کا بنیادی مقصد مالی مشکلات کا شکار مستحق مریضوں کو مفت ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں علاج کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فلاحی طبی منصوبوں کا دائرہ کار بڑھانا خدمتِ انسانیت کے عزم کا عملی اظہار ہے۔
القدس ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام اس سے قبل القدس فری آئی سنٹر، فری ڈسپنسری، میڈیکل لیب اور ایمبولینس سروس سمیت مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں، جبکہ فری ڈائیلاسز سنٹر اسی سلسلۂ خدمت کا ایک اہم اور قابلِ قدر اضافہ ہے۔تقریب کے شرکاء نے فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خدمتِ انسانیت کا یہ سفر انشاء اللہ مزید وسعت اختیار کرے گا اور مستحق افراد تک طبی و فلاحی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔




