9سال اور 5بچوں کے بعد محبت امر ہوگئی

معروف پرتگالی فٹبالررونالڈو نے دس سال بلاخر گرل فرینڈ کو بیوی بنالیا
شادی پرتگال کے ایک شہر کاسکائس میں ہوئی دونوں‌کے 5بچے بھی شادی کی تقریب میں شریک ہوئے

اسلام آباد:9 سال اور 5بچوں کے بعد بالآخر محبت امر ہوگئی اور معروف پرتگالی فٹبالررونالڈو نے بلاخر اپنی دیرینہ ساتھی جورجینا روڈیگز کو باضابطہ طور پر اپنی بیوی بنالیا۔ پوری دنیا میں ان کے کروڑوں مداح طویل عرصے سے یہ سوال پوچھ رہے تھے کہ یہ دونوں کب ایک ہوں گے اور اب اس جوڑے نے ایک خوبصورت تصویر کے ساتھ اس سسپنس کو ختم کر دیا ہے۔رونالڈو اور جورجینا نے 11 اگست کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں ایک نجی سول تقریب میں شادی کی۔
جوڑے نے شادی کی بڑی تقریب یا تفصیلی اعلان کرنے کے بجائے صرف اپنی شادی کی انگوٹھیوں کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے مداحوں کو خوشخبری سنائی اور اسی ایک تصویر نے پوری دنیا میں دھوم مچا دی۔
رونالڈو اور جورجینا کی لو سٹوری بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ تقریباً ایک دہائی پہلے دونوں کی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جب جورجینا ایک معروف فیشن برانڈ کے اسٹور میں کام کرتی تھیں۔
رونالڈو نے بعد میں ایک انٹرویو میں کھل کر بتایا تھا کہ سچ کہوں تو مجھے شروع میں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ مجھے ان سے اتنی شدید محبت ہو جائے گی، لیکن پھر وقت کے ساتھ مجھے لگا کہ یہی میری سچی زندگی ہیں۔
اس جوڑے نے 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ جورجینا نے اس وقت اپنی منگنی کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ، میں ان کے ساتھ اس زندگی میں بھی ہوں اور اپنی آنے والی ہر زندگی میں بھی ان کا ساتھ چاہتی ہوں۔
شادی سے پہلے بھی دونوں کے رشتے اور شادی کے حوالے سے کئی بار خبریں سامنے آتی رہیں۔ اس حوالے سے شادی کے چند روز قبل ایک دلچسپ واقعہ بھی پیش آیا جب افواہ اڑ گئی کہ رونالڈو اپنے آبائی شہر کے ایک بڑے چرچ میں شادی کر رہے ہیں۔ یہ سنتے ہی سینکڑوں شائقین کی بھیڑ چرچ کے باہر جمع ہو گئی تاکہ اپنے ہیرو کی شادی دیکھ سکیں۔ تاہم وہاں پہنچنے والی دلہن جورجینا نہیں بلکہ نکول نامی خاتون تھیں، جو اپنے ساتھی فابیو سے شادی کرنے آئی تھیں۔اس دلچسپ غلط فہمی پر رونالڈو بھی اپنی ہنسی نہ روک سکے اور سوشل میڈیا پر ہنستے ہوئے آنسوؤں والے ایموجیز کے ذریعے ردعمل دیا۔
اب بالآخر برسوں سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ رونالڈو اور جورجینا نے اپنی محبت کے رشتے کو شادی میں بدل دیا ہے اور ان کے بچے بھی اس خاص موقع پر ان کے ساتھ موجود تھے۔
جوڑے کی دو بیٹیاں الانا اور بیلا ہیں، جبکہ وہ رونالڈو کے بڑے بیٹے کرسٹیانو جونیئر اور جڑواں بچوں ایوا ماریا اور میٹیو کی بھی پرورش کر رہے ہیں۔ تاہم ان کے خاندان کو 2022 میں ایک بڑے صدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب جورجینا کے جڑواں بچوں میں سے بیٹا اینجل پیدائش کے کچھ ہی دیر بعد انتقال کرگیا تھا۔
آج یہ دونوں اپنے بچوں کے ساتھ ایک خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔ برسوں کی افواہوں، مداحوں کی بے تابی اور ایک دلچسپ غلط فہمی کے بعد، آخر کار اس سپر اسٹار جوڑے نے ایک دوسرے کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے تھام لیا ہے۔
جورجینا روڈریگز 1995 میں اسپین کے شہر جاکا میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کم عمری میں رقص اور بیلے کی تربیت حاصل کی اور بعد میں فیشن کی دنیا میں قدم رکھا۔ میڈرڈ منتقل ہونے کے بعد انہوں نے ایک معروف لگژری برانڈ کے اسٹور میں سیلز اسسٹنٹ کے طور پر کام کیا۔
یہی ملازمت ان کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوئی، کیونکہ 2016 میں ایک گچی اسٹور میں کام کے دوران ان کی ملاقات کرسٹیانو رونالڈو سے ہوئی۔ اس وقت رونالڈو دنیا کے مشہور ترین فٹ بالرز میں شمار ہوتے تھے۔
جورجینا نے اپنی نیٹ فلکس دستاویزی سیریز ’آئی ایم جورجینا‘ میں رونالڈو سے ملاقات اور اپنے تعلق کے کئی پہلو بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ رونالڈو انہیں لینے کے لیے انتہائی مہنگی اور پرتعیش گاڑیوں میں آیا کرتے تھے۔
رونالڈو کے ساتھ تعلق کے بعد جورجینا نے صرف فٹ بال اسٹار کی ساتھی کے طور پر شناخت نہیں بنائی بلکہ فیشن اور سوشل میڈیا کی دنیا میں بھی اپنا مقام بنایا۔ وہ معروف فیشن میگزینز کے لیے کام کرچکی ہیں اور عالمی برانڈز کے ساتھ بھی نظر آتی رہی ہیں۔
ان کی زندگی پر بننے والی نیٹ فلکس سیریز ’آئی ایم جورجینا‘ نے ان کی ذاتی زندگی، خاندان، فیشن اور رونالڈو کے ساتھ تعلق کو دنیا بھر کے مداحوں کے سامنے پیش کیا۔
جورجینا سوشل میڈیا پر بھی انتہائی مقبول ہیں اور ان کے کروڑوں فالوورز ہیں۔ ماڈلنگ کے علاوہ انہوں نے کاروباری سرگرمیوں میں بھی قدم رکھا اور فیشن سے متعلق منصوبوں کے ذریعے اپنی الگ شناخت بنائی۔