ڈیجیٹلائزیشن کا مقصد محض کاغذی نظام کو آن لائن منتقل کرنا نہیں بلکہ پورے عمل کو زیادہ سہل اور مؤثر بنانا ہے
وفاقی وزیر قانون نے FOSPAH کے ڈیجیٹل شکایات و مقدمات کے انتظامی نظام، موبائل ایپ اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح کردیا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت (FOSPAH) کی شکایات اور مقدمات کے انتظام کو مزید مؤثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لیے Complaint Management System (CMS)، موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے.
جمعرات کو یہاں منعقدہ افتتاحی تقریب میں FOSPAH کے افسران، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے حکام اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے FOSPAH کے ڈیجیٹل اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انصاف تک رسائی کو مزید آسان، شفاف اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا مقصد محض کاغذی نظام کو آن لائن منتقل کرنا نہیں بلکہ شہریوں کے لیے شکایات کے اندراج، کیسز کی پیروی اور متعلقہ معلومات تک رسائی کے پورے عمل کو زیادہ سہل اور مؤثر بنانا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ Complaint Management System کے ذریعے شکایات اور مقدمات کے مختلف مراحل کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی، جس سے کیس مینجمنٹ، ادارہ جاتی کارکردگی اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ شہریوں کو FOSPAH کی خدمات اور متعلقہ معلومات تک آسان رسائی فراہم کریں گی اور شکایات کے ازالے کے عمل میں سہولت پیدا ہوگی۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کوئی معاشرہ آدھی آبادی کو گھر بٹھا کر ترقی نہیں کرسکتا۔ خواتین کی معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شمولیت ملک کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دین نے خواتین کو بے پناہ حقوق دیے ہیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی ترقی و ترویج اور انہیں کام کی جگہ پر محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے ہر شعبۂ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور انہیں محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ FOSPAH کا مؤثر اور جدید نظام خواتین کو ہراسیت سے متعلق شکایات کے ازالے اور انصاف تک رسائی کے عمل میں سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے FOSPAH اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سمیت متعلقہ حکام کی جانب سے ڈیجیٹل نظام کی تیاری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت مس فوزیہ وقار نے کہا کہ FOSPAH کی جانب سے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا بنیادی مقصد شہریوں کے لیے شکایات کے ازالے کے عمل کو مزید آسان، قابلِ رسائی، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ Complaint Management System کے ذریعے شکایت کے اندراج سے لے کر کیس کے مختلف مراحل، احکامات اور حتمی فیصلے تک پورے عمل کو زیادہ منظم انداز میں مینج کیا جاسکے گا۔وفاقی محتسب نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل نظام سے ادارے میں ریکارڈ مینجمنٹ بہتر ہوگی، کیسز کی پیش رفت کی نگرانی میں آسانی ہوگی اور شکایت کنندگان کو اپنے معاملات کے بارے میں بروقت معلومات تک رسائی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ FOSPAH کی خدمات کو شہریوں کے مزید قریب لانے اور ادارے کے ساتھ ان کے رابطے کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔مس فوزیہ وقار نے کہا کہ نئے نظام کے ذریعے دستی اور کاغذی کام میں ابتدائی طور پر 70 سے 80 فیصد تک کمی لانے کا ہدف ہے، جبکہ طویل مدت میں ادارے کو ایک زیادہ مؤثر paperless environment کی جانب منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئی ویب سائٹ کے ذریعے عوام کو FOSPAH کی خدمات، قوانین، طریقہ کار، فیصلوں، احکامات، اعداد و شمار اور ادارے کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔
FOSPAH نے آئندہ مرحلے میں Artificial Intelligence اور Data Analytics کے استعمال کے امکانات تلاش کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے، جس کے ذریعے شکایات کے تجزیے، ابھرتے ہوئے رجحانات کی نشاندہی اور فیصلوں و احکامات کا منظم اور قابلِ تلاش ڈیٹا بیس تیار کرنے میں مدد لی جائے گی۔ اس عمل میں مناسب حفاظتی اقدامات اور انسانی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔مس فوزیہ وقار نے کہا کہ Complaint Management System، موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ کے اجرا کا مقصد ادارے کو مزید قابلِ رسائی، شفاف اور مؤثر بنانا اور شہریوں کو شکایات کے ازالے کے عمل میں بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ادارہ جاتی کارکردگی، ریکارڈ مینجمنٹ اور شکایات کے بروقت ازالے کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔



