
اسلام آباد
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی خفت مٹانے کے لئے جھوٹ بول رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جہانگیر ترین کے ٹیلی فون پر پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کا ڈرامہ رچایا جس کی وجہ سے سینیٹ میں انتخابی اصلاحات کا بل پاس ہوا۔ شاہ محمود قریشی کے میڈیا ٹاک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ سزا یافتہ شخص کو پارٹی عہدے کے لئے اہل بنانے کے قانون کے بل کو پاس کرانے میں ایک طرف پی ٹی آئی کا کردار رہا تو دوسری طرف پی ٹی آئی کے نئے اتحادی ایم کیو ایم کا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو علم ہے کہ نواز شریف کے بعد اب عمران خان کی نااہلی کی باری ہے اس لئے پی ٹی آئی نے ووٹوں کے وقت قوم کو دھوکہ دیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ محض خفت مٹانے کے لئے شاہ محمود قریشی جھوٹ کا سہارا لینے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام میڈیا کے سامنے سینیٹ کی کارروائی ہوئی اور میڈیا خود اس بات کا گواہ ہے کہ پی ٹی آئی نے ڈرامہ کرکے حکومتی بل کو پاس کرانے میں حکومت کا ساتھ دیا۔




