پہلے مرحلے میں ضلع سکھر میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی

پلاسٹک بیگز کے مضر اثرات سے سکھر سمیت سندھ کے ہر ضلع کو محفوظ بنائیں گے، تیمور تالپور صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس، سیکریٹری ماحولیات اور اعلیٰ حکام شریک ہوئےکراچی () صوبائی وزیر ماحولیات نوابزادہ محمد تیمور تالپور نے کہا ہے کہ پلاسٹک بیگز کے مضر اثرات سے سکھر سمیت سندھ کے ہر ضلع کو محفوظ بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ڈویژن کی ضلعی انتظامیہ اور سیپا کے افسران سے براہ راست ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ماحولیات ڈاکٹر سعیداحمد منگریجو، ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل، سکھر سے کمشنر سکھر رفیق احمد برڑو، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سیپا کے افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں ماحول کی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پلاسٹک بیگز کے استعمال پرسندھ کابینہ کی عائد کردہ پابندی کے حوالے سے ضلع سکھر کو منتخب کرکے وہاں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ اس پابندی پر سختی سے عمل کرایا جارہا ہے ۔ اجلاس میں کمشنر سکھر رفیق احمد برڑو نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سیپا افسران نے مشترکہ کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ 300 کلو گرام سے زائد پولی تھین بیگز ضبط کیے گئے ہیں۔ بایو ڈی گریڈپلاسٹک بیگز کے نمونے حاصل کرکے لیب ٹیسٹ کے لیے کراچی بھیجے گئے ہیں۔ رپورٹ آنے پر ان کے استعمال کی اجازت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے سکھر میں بھی لیٹ کے قیام کی منظوری دی۔ کمشنر سکھر نے عمل درآمد کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کی استدعا کی۔ صوبائی وزیر نے سیکریٹری ماحولیات کو ہدایت دی کہ وہ سمری تیار کرکے محکمہ داخلہ کو بھیجیں۔ ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل نے بتایا کہ 13 نومبر 2018 کو سندھ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی جائے گی جس کا اطلاق سب سے پہلے ضلع سکھر سے ہوگا۔ سیپا کے تمام ڈویژنز کے افسران کو بھی ہدایات کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کمشنر سکھر اور ڈی جی سیپا کو ہدایت کی کہ وہ سکھر ضلع میں پولی تھین بیگز پر پابندی پر عمل کرائیں۔

Share This: