ایک عربی بادشاہ نے نواز شریف کی رہائی کی بات کی تھی، شیخ رشیدکا انکشاف تاہم نام نہیں بتایا

وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عربی بادشاہ نے شریف خاندان کیلئے سفارش کی تھی، تاہم عمران خان نے صاف منع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسا نہیں کرسکتے۔ ریل حادثے پر شیخ رشید کا کہنا تھا ریلوے حادثات کے ذمہ داران کو ایک ماہ کے اندر سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور میں ریلوے ہیڈکواٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے محکمے کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ سیاسی محاذ پر بھیات چیت کی

ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ٹرین کے افسوس ناک حادثات ہوئے، عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ریلوے کا حق ہے، 4 ارب کے اضافی تیل کے باوجود خسارہ کم کیا۔

انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ اور ننکانہ صاحب سے زیادہ اہم کراچی اور لاہور کے ریلوے اسٹیشنز ہیں، نئی کوچز خریدنے میں 45 روز لگیں گے، ریلوے میں 1122 لیول کا پراجیکٹ لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جب کہ اے سی کوچز کو لاہور سے کراچی اسٹینڈ بائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس وقت 136 مسافر اور 55 فریٹ ٹرینیں ٹریک پر ہیں، ہم نے جو ٹرینیں چلائی ہیں، وہ ضرورت کے تحت ہیں، تمام پھاٹک ختم کریں گے اوورہیڈ اور انڈر گراونڈ راستے بنائیں گے۔

سیاست پر گفت گو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست کے آئندہ 90 روز نہایت اہم ہیں جو خاموش ہے، وہ بچا ہوا ہے، جو جتنا چیخ رہا ہے وہ اتنا پھنس رہا ہے،ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو خود ان کیلئے مسئلہ ثابت ہوگی، یہ ویڈیو ان کے گلے پڑ جائے گی، اب پاکستان میں ویڈیو کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے۔ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔