زلزلہ نے آزادکشمیر کے شہر میر پور میں تباہی مچا دی،24 جاں بحق 400 سے زائد زخمی

Image result for mirpur earthquake pic

اسلام آباد:میرپور میں آنے والے قیامت خیز زلزلے میں آخری اطلاعات تک کم ازکم 24 افراد جاں بحق جبکہ 400 کے قریب زخمی ہوچکے تھے۔ زلزلے سے جہلم میں بھی خواتین اور بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔میرپور میں زلزلے سے بڑی تباہی ہوئی ہے کئی جگہوں پر سڑکیں پھٹ گئیں اور گاڑیاں ان میں پھنس گئیں۔ کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان سرکاری عمارات کا ہوا ہے۔ منگل کی شام 4:01 پر آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قریبا تمام شہروں میں محسوس کئے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ کا مرکز جہلم کے شمال میں پانچ کلو میٹر دور 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ 5.8 شدت کے اس زلزلہ کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، لاہور، فیصل آباد، پشاور، چنیوٹ، ڈسکہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، میرپور آزاد کشمیر، بھمبھر، منڈی بہاؤالدین اور گرد و نواح میں محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور اپنے ٹیلیفون پر اپنے عزیز و اقارب کی خیریت دریافت کرتے رہے۔

Related image

آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر زلزلے کی اطلاع ملتے ہی لاہور میں اپنا دورہ ختم کر کے میر پور پہنچے اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زخمیو ں کی عیادت کی ۔انہوں نے رات میر پور ہی میں گزاری۔