راولپنڈی(رپورٹ :ارسلان صابر) کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے اس کے زیرانتظام ثنا کالونی جھاورہ کا علاقہ گندگی اور تعفن کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ ٹوٹی پھوٹی گلیوں میںناقص نکاسی آب کے باعث گھروں سے نکلنے والا گندا پانی بہتا رہتا ہے جو ملیریا سمیت متعدد وبائی امراض کا سبب بن سکتا ہے۔ سڑیٹ لائٹ نہ ہونے کے باعث عوام فجر اور عشاء کی نمازیں ادا کرنے کے لئے مسجد میںنہیں جاسکتے ۔ روشنی نہ ہونے کے باعث اکثر عوام کا پائوں گندے پانی سے بھرے گھڑوں میں چلا جاتا ہے اور کپڑے ناپاک ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اکثر گلیوں میں بجلی کے کھمبے سرے سے نصب ہی نہیں اور نہ ہی سٹریٹ لائٹس کا کوئی بندوبست ہے، جس کی وجہ سے بجلی کی تاریں جابجا گلیوں میں جھول رہی ہیں جو کسی بھی وقت ٹوٹ کر گر سکتی ہیں اور جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔پورے علاقے میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے جن میں سے باولے بھی ہو چکے ہیں۔ ان کتوں کی وجہ سے لوگ رات کے وقت گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے ورنہ یہ کتے لوگوں پر حملہ کر دیتے ہیں ۔اس ساری صورتحال پر جب روزنامہ سی پیک کی ٹیم نے مقامی کونسلر راجہ عرفان امتیاز سے رابطہ کیاتو ان کا جواب صرف یہ تھا کہ میرے پاس نہ تو کوئی فنڈز ہیں اور نہ ہی اختیارات لہذا میں کچھ نہیں کر سکتا۔ راجہ عرفان امتیاز کے اس مایوس کن جواب نے اہل علاقہ کے دکھوں میں مزید اضافہ کر دیا۔ انہوں نے روزنامہ سی پیک سے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم اپنے مسائل کے حل کے لئے کہاں جائیں۔ ثنأ کالونی جھاورہ کے رہائیشیوں نے ”سی پیک ” کے توسط سے سٹیشن کمانڈر اور ڈائریکٹر جنرل کنٹونمنٹ بورڈ چکالالہ راولپنڈی سے اس پریشان کن صورتحال کا نوٹس لے کر پیش آمدہ مسائل کے تدارک کی اپیل کی ہے۔زیرنظر تصاویر مین آپ دیکھ سکتے ہیں کہ گلی میں کھمبا نہ ہونے کے باعث تاریں گلی میں لٹک رہی ہیں، دوسری تصویر میں ایک گلی میں گندہ پانی جمع ہے ساتھ گندگی کا ڈھیر پڑا ہے۔

