
نوجوان اداکارہ و ماڈل نازش جہانگیر نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں سخت ذہنی دباؤ اور پریشانیوں کے باعث کم از کم انہوں نے 2 بار خودکشی کرنے کا سوچا۔ اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ایک بار پھر ذہنی صحت، ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ جب ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا تو وہ اکیلی پڑگئی تھیں۔
نازش جہانگیر کے مطابق والدہ کے چلے جانے کے بعد وہ نفسیاتی مسائل اور ڈپریشن کا شکار رہیں اور ان ہی مسائل کی وجہ سے انہوں نے 2 بار اپنی زندگی ختم کرنے کا بھی سوچا۔
ماڈل و اداکارہ کے مطابق 10 سال تک ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل میں مبتلا رہنے کے بعد انہوں نے خود کو بدلنے اور اپنے خلاف جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اپنی طرح ڈپریشن کے شکار افراد کو تلاش کرنا اور ان سے بات کرنے کا آغاز کیا اور پھر آہستہ آہستہ ان کی ذہنی صحت بہتر ہونے لگی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو دوسرے لوگوں کا خیال رکھنے، دوسرے کے ذہنی مسائل کو سمجھنے اور دوسروں کے اقدامات کو پرکھنے سے گریز کرنے کی ہدایات بھی کیں۔




