راولپنڈی:تھانہ روات پولیس نے رشتہ نہ دینے پر لڑکی کے اندھے قتل کا سفاک ملزم گرفتار کرتے ہوئے آلہ قتل برآمدکرلیا۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ روات کے علاقے سے چار ماہ قبل روات پولیس کو موہڑہ یاور داخلی کے گھر میں لڑکی کے قتل کی اطلاع ملی،قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد محمد جہانگیر کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا،قتل کے واقعہ پر سی پی او محمد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ضیاء الدین احمد کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ،ایس پی صدر نے اے ایس پی صدر،ایس ایچ او روات و دیگر تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ، ٹیم نے مختلف زاویوں سے تفتیش کرتے ہوئے ہیومین انٹیلیجنس اور ٹیکنیکل طریقہ سے ملزم محمد نعمان علی کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، ایس پی صدرضیاء الدین احمد نے بتایاکہ ملزم نعمان علی نے تفتیش کے دوران مقتولہ کا رشتہ کسی دیگر شخص سے طے ہو جانے پر قتل کرنے کا اعتراف کیا، ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا،سی پی او احسن یونس نے ملزم کی گرفتاری پر ایس پی صدد اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ ملزم جتنا بھی شاطر ہو قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکتا۔



