اسلام آباد:جولائی 2020 میں مہنگائی میں شدید اضافہ ،ایک ماہ میں ٹماٹر180 فیصد،آلوپیاز سمیت سبزیاں 24 فیصد تک جبکہ گندم اور مصالحہ جات ساڑھے 7 فیصد مہنگے ہوگئے۔چینی کے نرخ بھی تقریبا 4 فیصد تک مزید بڑھ گئے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق جولائی میں مہنگائی 9.3 فیصد تک پہنچ گئی جو جون میں 8.6 فیصد تھی۔رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق جون کے مقابلے میں جولائی میں مہنگائی میں 2.50 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد جولائی میں مہنگائی کی شرح 9.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی میں ماہانہ بنیاد پر سبزیاں 23.8 فیصد مہنگی ہوئیں جس میں ٹماٹر شہری علاقوں میں 179 فیصد جب کہ پیاز 16.6 فیصد مہنگے ہوئے۔اسی طرح جولائی میں ماہانہ بنیاد پر انڈے 10.8، مسالحہ جات 7.5 فیصد، گندم 7.4، آلو 4.5 فیصد جب کہ گوشت 3.9، چینی 3.8 فیصد اور لوبیا 3 فیصد مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق جولائی میں ماہانہ بنیاد پر موٹر فیول 27 فیصد مہنگا ہوا جب کہ سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو جولائی میں شہری علاقوں میں ٹماٹر 100 فیصد آلو 63 فیصد، دال مونگ 46.25 فیصد، انڈے 43.11 فیصد، مرغی 36.69 فیصد مہنگی ہوئی۔جولائی میں سالانہ بنیاد پر چینی 17 فیصد مہنگی ہوئی جب کہ گندم 28.52 فیصد اور آٹا 18.52 فیصد مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات نے واضح کیا کہ جون 2020 میں منہگائی کی شرح 8.6 فیصد تھی جب کہ گزشتہ برس جولائی میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد تھی۔سالانہ اعدادوشمار کا موازنہ کیا جائے تو جولائی 2019 کے مقابلے میںگذشتہ ماہ چکن 37 فیصد، گندم ساڑھے 28 فیصد، گھی 22 فیصد، پیاز ساڑھے 19 فیصد، آٹا ساڑھے 18 فیصد مہنگا ہوا جبکہ کوکنگ آئل اورچینی کی قیمت 17 فیصد تک بڑھ گئی البتہ ایک سال میں فیول 10 فیصد اور ٹرانسپورٹ سروسز 4 فیصد سستی بھی ہوئیں۔تاہم چنے، دال مونگ،مسور،ماش،دال چنا کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں 2 سے 11 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ کوکنگ آئل اورآٹا ڈیڑھ فیصد تک سستا ہوا۔


