27 سالہ ملزم عابد علی کا تعلق بہاونگر سے ہے جو پہلے ہی سے اشتہاری ہے

لاہور: موٹروے پر خاتون زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کا نام ،پتہ اور تصویر سامنے آگئی ہے۔ ملزم کا نام عابد علی ہے اور وہ پہلے ہی سے اشتہاری اور پولیس کو مطلوب ہے۔ ذرائع کے مطابق موٹروے پر لاہور سے گوجرانوالہ جانے والی خاتون سے زیادتی کا کیس تقریبا حل ہوگیا ہے۔زیادتی کی شکار خاتون سے حاصل کیے گئے ڈی این اے کے نمونے ملزم سے میچ کرگئے ہیں، 27 سالہ ملزم کا تعلق بہاونگر سے ہے۔
ملزم کی تصویر، والد کا نام سمیت کئی اہم معلومات سامنے آگئی ہیں، جس کی اعلی حکام نے بھی تصدیق کردی ہے، خاتون سے زیادتی کا ملزم پہلے سے ہی اشتہاری ہے۔
ذرائع کے مطابق فارنزک سائنس ایجنسی کے ڈی این اے بینک میں ملزم کا ڈی این اے سیمپل پہلے سے موجود تھا، جو پہلے بھی مختلف نوعیت کی واداتوں میں ملوث تھا، جس کا جرائم پیشہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف 2013 میں ڈکیتی اور زنا کی دفعات کیتحت مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پنچائت کے فیصلے کے بعد وہ علاقہ بدر کردیے گئے تھے۔ملزم کے دوسرے ساتھی کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ملی، اس کی گرفتاری کے بعد ہی اس کے حوالے سے کوئی پیشرفت ہوسکے گی۔
پولیس کے مطابق ملزم عابد پر 2013 میں ایک مقدمہ تھانہ فورٹ عباس درج ہوا، 2014 میں 4 مقدمات تھانہ کھچی والا میں درج ہوئے۔پولیس کے مطابق ملزم پر 2016 میں ایک اور 2017 میں دو مقدمات درج ہوئے، ایک مقدمہ تھانہ فورٹ عباس اور 7 مقدمات تھانہ کھچی والا میں درج ہوئے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے کیس کے ملزم سے متعلق اس اہم پیشرفت کے باوجود ابھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
گزشتہ روز عینی شاہد کا بیان میں بھی سامنے آیا تھا جس میں اس نے بتایا تھا کہ خاتون کو ایک ڈاکو زبردستی کھینچ کر پیچھے کی طرف لے جارہا تھا۔عینی شاہد نے یہ بھی بتایا تھا کہ خاتون کو کھینچنے والے شخص نے اسے تھپڑ بھی مارا جب کہ گاڑی کے پیچھے ایک اور شخص بھی کھڑا تھا، وقوعہ کی اطلاع 15 پر کردی تھی۔
گزشتہ روز وزیر قانون راجا بشارت نے خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعے کو اندھی واردات قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے اصل ملزمان تک پہنچا ہے۔
یاد رہے بدھ کی رات کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔درندہ صفت 2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا۔موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔




