
اسلام آباد (نیوزرپورٹر ) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ عمران خان یوٹرن اور دھاندلی میں سب کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں ، وہ جلسہ سے قبل ہی بوکھلا چکے ہیں اور پی ڈی ایم اے کے جلسہ کو روکنے کے لئے وزارتوں کا کھیل کھیل رہے ہیں شیخ رشید کو وزیر داخلہ بناکر وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ہونے والے نقصان کاملبہ اپنی پارٹی پر نہیں پڑھنے دیں گے۔ اگر استعفوں سے خائف نہیں تو پھر کیوں جلسہ گاہ کو جانے والے راستوں میں رکائوٹیں اور پولیس ، رینجرز کی بھاری نفری تعینات کررہے ہیں۔جانے والے کو پی ڈی ایم اے سے زیادہ جلدی لگتی ہے ، ان خیالات کا اظہارانہوںنے لاہور میں پی ڈی ایم اے کے جلسہ کو ناکام بنانے کی تحریک انصاف حکومت کی تیاریوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ عمرا ن حکومت دوسری سیاسی جماعتوں سے ان کا جمہوری حق کبھی نہیں چھین سکتی ، عمران خان پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ ن ، جمعیت علمائے اسلام (ف) پیپلزپارٹی شیر پائو ، عوامی نیشنل پارٹی ، جمعیت اہل حدیث سمیت دیگر جماعتوں کے آئینی جمہوری حق پر شب خون مارنے والے ڈکٹیٹروں اور آمروں کی صف میں شامل ہو گئے ، پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دیتی چلی آئی ہے تحریک انصاف نے ابھی تک ایک مکھی بھی قربان نہیں کی ، سلیکٹیڈ وزیراعظم شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ پھینکیں تو بہتر رہے گا ، جواب میں آنے والی اینٹ کو برداشت نہیں کرسکیں گے ، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے پی ڈی ایم اے کے جلسوں پر پابندیاں لگا کر عوام کی توجہ مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے ،شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنانے کا مقصد ملک میں افراتفری اور اپنا بوریا بستر جلد گول کرنے کی تیاریاں ہیں ، حکومت جان لے اگر کسی بھی پارٹی کارکن کی جان ضائع ہوئی تو پورا پاکستان و آزاد کشمیر مظاہروں اور جلسے جلوس کی زد میں آ جائیں گے ۔چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ ضرور منعقد ہوگا اور سیاسی جماعتوں سے انکا جمہوری حق کوئی نہیں چھین سکتا ۔
شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنانے کا مقصد ملک میں افراتفری اور اپنا بوریا بستر جلد گول کرنے کی تیاریاں ہیں ،چودھری یاسین




