بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک آج چٹھہ بختاور میں عوامی اجتماع اور احتجاج کرے گی


اسلام آباد:بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک آج 10 جنوری بروز اتوار بوقت دن گیارہ بجے چٹھہ بختاور میں عوامی اجتماع اور احتجاج کرے گی۔ جس میں اسلام آباد کے مختلف دیہی اور نواحی علاقوں سے سینکڑوں لوگ شرکت کریں گے۔ اجتماع اور احتجاج میں حکومت اور وزیراعظم سے بجلی گیس کنکشنز پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک میں روز بروز تیزی اور شدت آ رہی ہے۔ یہ بات سابق آزاد امیدوار قومی اسمبلی اسلام آباد اور چیئر مین بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک جاوید انتظار نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے لوگ اپنے بنیادی آئینی حق کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔ متاثرین اجتماعی عوامی مسئلے کے حل کے لیے منظم اور متحرک ہو رہے ہیں۔ تمام تر سیاسی مصلحتوں سے بلا تر ہو کر بنیادی آئینی حق کی پاسداری کر رہے ہیں۔ 10 جنوری کو حکومتی ارباب اختیار سے رابطے کے لیے مذکراتی کمیٹی کا اعلان کروں گا۔ تحریک کو منظم ، متحرک اور مذید فعال بنانے کے لیے عہدیداران بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہم آئینی مطالبہ پورا ہونے تک حکومتی ارباب اختیارات سے مذکرات اور عوامی اجتماعات اور احتجاج ساتھ ساتھ چلائیں گے۔