سی پیک کی پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی چین کی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی 1ارب ڈالر کی امداد سے کم ترقی یافتہ اضلاع میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

 

 

اسلام آ باد:سی پیک کی پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے چین کی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی 1ارب ڈالر کی امداد سے کم ترقی یافتہ اضلاع میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے ، ضرورت کی بنیاد پر ٹھوس نتائج کے حامل منصوبوں کے انتخاب کی ہدایت کی ہے ، کمیٹی نے ضرور دیا ہے کہ پروگرا م کے تحت مقامی افراد کی صلاحیتوں اور استعداد کار میں اضافہ کیا جائے تاکہ ہماری افرادی قوت سماجی معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں خو د کفیل ہوسکے جبکہ کمیٹی نے سی پیک کے تحت بلوچستان میں جاری منصوبوںپر بھی آئندہ اجلاس میں غور کرنے کا فیصلہ کیا۔جمعرات کوسی پیک کی پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس کنوینر کمیٹی نورعالم خان کی صدارت میں ہوا، اجلا س میں سی پیک کے تحت چین کی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی 1ارب ڈالر کی گرانٹ سے کم ترقی یافتہ اضلاع میں غربت کے خاتمہ اور سماجی اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر غور کیا گیا، کمیٹی کو وزارت منصوبہ بندی ،قومی تحفظ خوراک، پی آے آر سی، ہائر ایجوکیشن کمیشن و دیگر متعلقہ حکام نے اس پروگرام کے تحت جاری اور تکمیل شدہ منصوبوں پر بریفنگ دی، کمیٹی کو آ گاہ کیا گیا کہ کم ترقی یافتہ اضلاع میں سماجی معاشی ترقی کے 6شعبوں بشمول زراعت، صحت، تعلیم، ووکیشنل ایجوکیشن اور واٹر سپلائی سکیموں کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، کنوینر کمیٹی نے کہاکہ چین کی جانب سے فراہم کی گئی گرانٹ سے لگائے جانے والے منصوبوں سے کم ترقی یافتہ اضلاع میں احساس محرومی ختم ہو گا اور سماجی اور معاشی ترقی آئے گی،لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی اور خوشحالی آئے گی، کمیٹی نے زوردیا کہ صرف ضرورت کی بنیاد پر ٹھوس نتائج دینے والے منصوبے اس پروگرام میں شامل کئے جائیں جو بروقت مکمل ہو سکیں، کمیٹی نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں منصوبے تجویز کئے گئے ہیں وہاں پر مقامی لوگوں کے خدشات دور کئے جائیں، منصوبوں کی مقامی سطح پر ملکیت انتہائی ضروری ہے، منصوبوں کو کامیاب کرنے کے لئے وفاقی اور صوبائی محکموں کے درمیان رابطہ انتہائی اہم ہے، کمیٹی نے سفارش کی کہ زمینی حقائق کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہمیں اپنی ضروریات کو مد نظر رکھنا ہو گا،پاکستان غربت کے خاتمہ کے حوالے سے چین کے تجربہ سے فائدہ حاصل کرنا چاہیے اور اپنی استعداد اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہیے،تاکہ ہماری افرادی قوت سماجی معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں خو د کفیل ہوسکے، کمیٹی نے سی پیک کے تحت بلوچستان میں جاری منصوبوںپر آئندہ اجلاس میں غور کرنے کا فیصلہ کیا۔