بجلی گیس کنکشنز پر پابندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی،اس ظلم کے خلاف ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں ، مقررین

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک کے زیر اہتمام G-13/4 میں اجلاس اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں متاثرین بجلی و گیس کنکشنز نے شرکت کی جلسہ اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیدوار حلقہ این اے 53 جاوید انتظار نے کہا کے بجلی گیس کنکشنز پر پابندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔لوگ بجلی اور گیس کے بنا زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اور اسلام آباد کے تینوں ارکان اسمبلی کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرجانا چاہیے۔ حکومت نے بجلی گیس کنکشنز بحال نہ کیے تو متاثرین عمران خان کے گھر بنی گالہ کا گھیراو کرینگے۔ اس موقع پر جاوید انتظار نے بجلی گیس بحالی تحریک کے عہدیداران کا اعلان بھی کیا۔ملک زاہد کو صدر ، حاجی مقصودالرحمن کو نائب صدر، صوبیدار محبوب علی کو نائب صدر ، عابد کھوکھر اور اویس بشیر کو سوشل میڈیا کوآڈینیٹر مقرر کردیا۔صدر تحریک ملک زاہد محمود ، ملک ریاض بنگش ، ملک اورنگزیب ، بادشاہ خان اوردیگر مقررین نے حکومت اور سپریم کورٹ سے بنیادی اور آئینی حق کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو انکے ائینی حق سے محروم رکھنا ظلم ہے۔ ہم اس ظلم کے خلاف ہر قربانی دینے کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔




