راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ سی پیک روٹ کو سہولت فراہم کرے گا، رپورٹ

 

پروجیکٹ میں شامل سی پیک زون کو ہکلہ ڈی آئی خان کے قریب تیار کیا جائے گا، ڈی آئی خان انٹر چینج میں انڈسٹریل اسٹیٹ II ، لاجسٹک حب II ، ڈرائی پورٹ ، ویئر ہاسز ، اور ٹرک ٹرمینل شامل ہوں گے

 

اسلام آباد :راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے راستے میں آسانی پیدا ہوگی کیونکہ اس کا تعلق ہکلہ ڈی آئی خان (ایم 14)انٹر چینج سے ہوگا،ہفتے کے روز گوادر پرو کے ذریعہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام صنعتی سامان کو رنگ روڈ کے ذریعے سی پیک روٹ تک لے جایا جاسکتا ہے۔اس سلسلے میں رنگ روڈ اقتصادی راہداری کے ساتھ ساتھ نئے صنعتی زونز، گوداموں اور خشک بندرگاہوں کی ترقی کی بھی وضاحت کی گئی ہے، اس پروجیکٹ میں شامل سی پیک زون کو ہکلہ ڈی آئی خان کے قریب تیار کیا جائے گا، ڈی آئی خان انٹر چینج میں انڈسٹریل اسٹیٹ II، لاجسٹک حب II، ڈرائی پورٹ ، ویئر ہاسز ، اور ٹرک ٹرمینل شامل ہوں گے،طویل انتظار کے بعد خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز راولپنڈی رنگ روڈ پروجیکٹ سے جلد شروع جائے گا،حال ہی میں انتظامیہ نے 40کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ ٹریک کے لئے اراضی کا سروے مکمل کرلیا ہے جبکہ منصوبے کے لئے اراضی کی شناخت بھی مکمل کرلی گئی ہے۔کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)محمد محمود نے پہلے کہا تھا کہ رنگ روڈ کا بنیادی مقصد جڑواں شہروں میں معاشی رابطے اور سڑک کے ذریعے نقل و حمل کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے چیئرمین کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان رواں سال کے شروع میں راولپنڈی رنگ روڈ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے،سرکاری اور نجی شراکت داری کی بنیاد پر راولپنڈی رنگ روڈ کے ساتھ معاشی زون کو ترقی دینے کی بھی کوشش کی جائے گی، پھلوں اور سبزیوں کے تھوک بازار ، سامان اور پبلک ٹرانسپورٹ ٹرمینلز ، اور مویشی منڈیاں اس منصوبے کا حصہ ہوں گی،راولپنڈی رنگ روڈ سے متعلق تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ شاہراہ قومی شاہراہ 5 (جی ٹی روڈ)پر ریڈیو پاکستان بلڈنگ سے شروع ہوگی اور پشاور اسلام آباد موٹر وے پر سنگجانی انٹرچینج کے قریب مارگلہ روڈ کے ساتھ مل جائے گی۔ایم ون موٹر وے سے گزرتے ہوئے راولپنڈی رنگ روڈ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف جائے گا اور پھر سنگجانی انٹرچینج کے قریب سے گزرتے ہوئے مارگلہ روڈ کی طرف جانے والے سی پیک کے مشرقی روٹ سے ملے گا،اس منصوبے کے آٹھ مختلف مقامات پر انٹرچینج بنیں گے جن میں ریڈیو پاکستان ، راوت ، چک بیلی ، اڈیالہ ، چکری ، ایم 2 موڑ ، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (IIA)اور سنگجانی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے حتمی منصوبہ بندی کی
منظوری دے دی ہے اور زمین کے حصول کے لئے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔ منصوبہ بندی سے متعلق ہر شے بشمول رنگ روڈ روٹ ، صف بندی ،انٹرچینجز ، ڈیزائنز ، اور معاشی زون کو پہلے ہی حتمی شکل دے کر منظوری دی جا چکی ہے،رنگ روڈ جڑواں شہروں کے لئے انتہائی ضروری منصوبہ ہے کیونکہ راولپنڈی شہر کی مرکزی شاہراہ مری روڈ سمیت متعدد سڑکوں پر ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ٹریفک کے بہت زیادہ بہا کو موڑنے کے علاوہ ، یہ لاہور اسلام آباد موٹر وے اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک براہ راست رسائی فراہم کرکے شہر میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا، اپنی جغرافیائی اور تزویراتی اہمیت کے پیش نظر ، راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو پہلے ہی گیم چینجر منصوبہ قرار دیا جا چکا ہے۔