
اسلام آباد: معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت آج تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن میں احساس تحفظ اسٹیرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈویژن کے سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری بھی اجلاس میں موجود تھے۔ تحفظ پروگرام کیلئے پاورٹی ایکسپرٹ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر، اسٹیرنگ کمیٹی کے ممبران نے مستحقین کے اہلیت کے نظام، علاج کے پیکج اور پروگرام کے پائلٹ فیز میں توسیع کے حوالے سے سروس مہیا کرنے والے ہسپتالوں کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا اور اس کی منظوری دی۔کمیٹی نے صحت کے اخراجات سے متعلق احساس پالیسی پر بات چیت بھی کی جو اس وقت حکومت کے صحت سہولت پروگرام کو تحفظ پروگرام کیساتھ منسلک کرنے کیلئے پائپ لائن میں ہے۔ تحفظ پروگرام کو انتظامی اور اسٹریٹجک نگرانی فراہم کرنا تحفظ اسٹیرنگ کمیٹی کے مینڈیٹ میں شامل ہے۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پاکستان کے پہلے صحت سے متعلق سیفٹی نیٹ پروگرام احساس تحفظ پر ایک سالہ طویل مدتی کام ہوچکاہے۔ اس پروگرام کا مقصد پسماندہ آبادی کو صحت و معالجے کے اخراجات سے بچانا ہے اور اس سہ ماہی میںایک ہسپتال میں ابتدائی طورپر اس پروگرام کا معائنہ کیا جارہا ہے ، جس کے بعد رواں سال کے اختتام میں اسے وسعت دی جائے گی۔ایک بار مکمل طور پر فعال ہونے تک، تحفظ ون ونڈو پیپر لیس اور ویب پر مبنی سیفٹی نیٹ قائم کرے گا۔ اس میں مائیکروٹرانزیکشن الرٹس اور مائیکروٹرانزیکشن سطح پر ویب کیلئے لاگ ان کی صورت میں فنڈرز کی بااختیاری کی خصوصیات ہونگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ اس نظام کی مستحقین کی اہلیت کا تعین کرنے، ان کی درجہ بندی پہلے سے طے شدہ اصولوں پر مبنی قومی غربت کے ڈیٹا بیس سسٹم کو اپنانے سے متعلق خصوصیات مستحقین کو بدسلوکی اور عصمت دری سے محفوظ رکھیں گی۔ آپریشنز کی کارکردگی اور ایمانداری کو برقرار رکھنے کیلئے سسٹمز بنائے جارہے ہیں۔بعد ازاں، ڈاکٹر ثانیہ نے احساس تحفظ پر عملدرآمد کیلئے احساس تحفظ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا افتتاح کیا۔ پروگرام کے موثر انتظام اور عملدرآمد کیلئے، احساس تحفظ یونٹ کو پی اے ایس ایس ڈی میں رکھا گیا ہے۔ تحفظ پائلٹ مرحلے پر کام کرنے والی ٹیم نے ڈاکٹر ثانیہ کو پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ پروگرام کے تکنیکی مطالبات کو پورا کرنے کیلئے حکومتی خدمات کے حصول کے طریقہ کار کے مطابق 12رکنی ٹیم کی خدمات حاصل کی گئیں۔ احساس تحفظ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ادارہ جاتی انتظامات میں ایک اہم عنصر ہے اور پروگرام ڈیلوری میں موثر کارکردگی کیلئے بے حد اہم ہے۔ اس میں ہم آہنگی، منصوبہ بندی اور مالی انتظام کے مقصد کیلئے شفاف میکانزم شامل ہیں۔ احساس تحفظ سرکاری ہسپتالوں کیساتھ مل کر صحت کے اخراجات کا سامنا کرنے والے مریضوں کی نشاندہی کا کام کریں گا، جن کا بعد میں جائزہ لیا جائے گا، اور اگر وہ اہل ہیں تو مریضوںکو عطیات مختص کر کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ تحفظ کو مرحلہ وار بنیادوں پر وسعت دی جارہی ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نے احساس تحفظ پر عملدرآمد کیلئے احساس تحفظ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا افتتاح کردیا




