موبائل فون کا کارنامہ ،برف کے تودے میں ڈھائی گھنٹے دبے رہنے کے بعد 50 سالہ شخص زندہ نکل آیا

پیرس:
فرانس میں پہاڑوں کے درمیان اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہوئے ایک 50 سالہ شخص برفانی تودہ گرنے سے ڈھائی گھنٹے تک برف میں دبا رہا لیکن حیرت انگیز طور پر اس کو زندہ نکال لیا گیا جو ایک معجزہ ہے ۔
جمعرات کو ایک 50 سالہ شخص کسی بھی حفاظتی سامان کے بغیر اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ پہاڑ پر چہل قدمی کر رہا تھا۔
ساوئی ریجن کی مقامی پولیس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ تقریبا ایک سو لوگوں نے دو گھنٹے 40 منٹ تلاش کے بعد اس شخص کو زندہ نکال لیا۔
برف زیادہ ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیم کے سراغ رساں کتے بھی اس شخص کو تلاش نہیں کر پا رہے تھے، لیکن مخصوص پہاڑی پولیس کی ٹیم سیل فون کی سرگرمیوں کو ٹریک کرکے ان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
امدادی ٹیم کے ایلگزینڈر گریتھر نے مقامی نیوز چینل فرانس تھری کو بتایا کہ ‘میرے خیال میں یہ ایک معجزہ ہے۔’انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس شخص کو آٹھ فٹ نیچے سے نکالا گیا۔
برفانی تودے کے نیچے سے بچنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
ایلگزینڈر گریتھر نے مزید کہا ‘انہیں ایک درخت نے بچایا، اس سے وہ نیچے آنے والی برف کی زد میں پوری طرح آنے سے بچ گئے۔ برف نے انہیں گھیر لیا تھا لیکن ان کے گرد ہوا کے لیے خالی جگہ تھی۔’
جمعرات کو مذکورہ علاقے میں برفانی تودہ گرنے کے امکانات بہت زیادہ تھے اور امدادی کارکنان نے سیاحوں پر زور دیا تھا کہ باہر نکلنے سے پہلے برف کی صورتحال دیکھ لیں۔