وبائی مرض کے باوجود سی پیک پر کام بغیر کسی تاخیر کے جاری رہا


کووڈ-19 وبا ء نے پاک چین دوستی کو مزیدمضبوط کیا ہے چینی سفیر نونگ رونگ

اسلام آباد:پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران چین اور پاکستان کے مابین تعاون کو مزید تقویت ملی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ 2020 کے آغاز میں چین کے کوڈ-19 کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان وہ پہلا ملک تھا جس نے چین کو فوری طبی سامان عطیہ کیا جبکہ بعد ازاں چین نے بھی طبی ماہرین کی ٹیمیں پاکستان بھیجی جب پاکستان میں کووڈ- 19 کے کیسز میں اضافہ ہوا تھا۔ اسی طرح مزید مدد کے لئے چینی حکومت اور چینی فوج نے پاکستان کو ویکسین کی خوراکیں عطیہ کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وبائی مرض کے باوجود سی پیک پر کام بغیر کسی تاخیر کے آگے بڑھا ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ چین پاکستان تعلقات گذشتہ سات دہائیوں کے دوران مختلف سماجی ، تاریخی اور ثقافتی ہرلحاظ سے ایک بہترین سمت میں ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات نے 70 کامیاب سال مکمل کر لئے ہیں اور 2 مارچ کو پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے سالگرہ کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لئے ایک ورچوئل تقریب میں شرکت کی۔ نیز دونوں ممالک کی قیادت ان تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے جس کی وجہ سے دو طرفہ دوستی ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرچکی ہے۔