یوکرین کا 156رکنی دستہ ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لے گا


اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) جاپان کے شہر ٹوکیو میں 23جولائی سے شروع ہونے والے 32ویں اولمپکس کے لئے یوکرین کا 156رکنی دستہ مختلف کھیلوں میں حصہ لے گا۔ گزشتہ روز یوکرین کی نیشنل اولمپک کمیٹی کے ایگزیکٹوبورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نیشنل فیڈریشنز کی طرف سے پیش کی گئی سفارشات کو حتمی شکل دیتے ہوئے جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقد ہونے والے 32ویں اولمپک کھیلوں کے لئے 156رکنی دستے کی منظوری دی گئی جو مختلف نوعیت کے 22کھیلوں میں حصہ لیں گے جن میں بیڈمنٹن، باکسنگ، ریسلنگ،ویٹ لفٹنگ، سائیکلنگ،روئنگ، کیاک،جمناسٹک،جوڈو، کراٹے،نیز ہ بازی،اتھلیٹکس، سوئمنگ،آرٹسٹک سویمنگ، آرچری،شوٹنگ، ڈائیونگ،ماڈرن پینتھالوں،ٹینس، ٹیبل ٹینس، ٹرائیتھلوں اور فینسنگ شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کے لئے یوکرین کے دستے میں کل 67مرد اور 89خواتین اتھلیٹ شامل ہیں آرچری کے کھیل میں ایک مرد اور تین خواتین،آرٹسٹک سویمنگ میں آٹھ خواتین،اتھلیٹکس میں 19مرد اور 25خواتین،بیڈمنٹن میں 1مرد اور 1خاتون،باکسنگ میں 5مرد اور 1خاتون،کینوئنگ میں 2مرد اور 9خواتین،سائیکلنگ میں 1مرد اور 4خواتین،ڈائیونگ میں 3مرد اور4خواتین،نیزہ بازی میں 1مرد اور1خاتون،فینسنگ میں 4مرد اور 2خواتین،جمناسٹک میں 6مرد اور8خواتین،جوڈو میں 4مرد اور3خواتین،کراٹے میں 1مرد اور2خواتین،ماڈرن پینتھاٹون میں 1مرد اور1خاتون،روئنگ میں 2مرد،شوٹنگ میں 4مرد اور2خواتین،سوئمنگ میں 7مرد اور 2خواتین،ٹیبل ٹینس میں 1مرد اور2خواتین،ٹینس میں 5خواتین،ٹرائیتھیلوں میں 1خاتون،ویٹ لفٹنگ میں 1مرد اور2خواتین جبکہ ریسلنگ میں 5مرد اور 5خواتین اتھلیٹس حصہ لیں گے۔یوکرین نے ابھی تک اولمپک کھیلوں میں 35طلائی،32چاندی اور 59کانسے کے تمغے جیت رکھے ہیں۔