احساس اور این سی ایس ڈبلیوکا خواتین اور لڑکیوں کی فلاح و بہبود کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق

پاکستان کا احساس دنیا کا واحد پروگرام ہے جو لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کو زیادہ وظیفہ فراہم کرتا ہے: ڈاکٹرثانیہ نشتر

سلام آباد: جمعہ کو صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف سولہ روزہ مہم کی تقریب بعنوان ہمیں احساس ہے خواتین کا کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشترکو بطور مہمان خصوصی مدعو کیاگیا۔
تقریب کا اہتمام احساس، نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن (این سی ایس ڈبلیو) اور قائداعظم یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ نیلوفر بختیار، چیئرپرسن، نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن (NCSW)؛ ڈاکٹر عصمت طاہرہ، سیکرٹری بی آئی ایس پی؛ عارف انور بلوچ، سیکرٹری NCSW؛ اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، صنفی بنیاد پر تشدد کسی بھی سطح پر قابل قبول نہیں ہے اور معاشرے اور معیشت کی ترقی کے لیے اسے روکنا چاہیے۔ ہماری حکومت اپنی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ خواتین کی بااختیاری کو یقینی بناتے ہوئے، احساس کیش ٹرانسفرز، احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپس، احساس بلاسود قرضے اور احساس آمدن اثاثوں کی منتقلی سمیت احساس کے تمام اقدامات میں احساس پچاس فیصد پلس پالیسی شامل ہے۔ فی الحال، احساس بینک اکانٹس کی فراہمی کے ذریعے 80 لاکھ احساس کفالت مستحقین کی مالی شمولیت کو بھی یقینی بنا رہا ہے اور یہ سارا عمل چھ ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ لڑکیوں اور خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لیے تعلیم ضروری ہے۔ "احساس دنیا کا واحد پروگرام ہے جو اپنے مشروط کیش ٹرانسفر (سی سی ٹی) پروگرام کے تحت لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کے لیے زیادہ وظیفہ کی رقم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے احساس سکول وظیفہ اور احساس نشوونما پروگرام پر بھی روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر ثانیہ نے NCSW اور احساس کے مابین تعاون کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تقریب مستقبل میں خواتین کو بااختیار بنانے پر مبنی شراکت داری کا باعث بنے گی۔
افتتاحی کلمات میں، چیئرپرسن NCSW، نیلوفر بختیار نے قائداعظم یونیورسٹی آنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا جہاں انہوں نے اپنے تعلیمی کیریئر کے دوران تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کا ایک مختصر بریف پیش کیا اور بتایا کہ یہ تشدد کس طرح دنیا میں سب سے زیادہ ہونے والا اور کم سزا ملنے والا جرم ہے۔ انہوں نے احساس پروگرام کی پاکستان میں خواتین کی بہتری کے لیے ان کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے شرکا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے عہد کریں اور تمام طالب علموں کو پرجوش انداز میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے آواز بلند کرنے کی ترغیب دی۔