سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ کے منصوبوں سے دونوںدوستوں کے درمیان ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مضبوط ہوئی ہے

اسلام آباد(شِنہوا) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز "بہت کامیاب” ہوں گی ، پاکستان کھیلوں کی اس شاندار تقریب میں جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرے گا۔چینی میڈیا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے 4 فروری سے شروع ہونے والے سرمائی اولمپکس 2022 کی تیاریوں کے حوالے سے چین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوویڈ-19 کی وبا ء کے دوران ان کھیلوں کا انعقاد چین کے اس موثر اور کامیاب طرز حکمرانی کا اظہار ہے کہ وہ یہ کر سکتے ہیں۔
چینی حکومت اور عوام کو سرمائی کھیلوں کے انعقاد کی کو ششوں پر مبارکباد دیتے ہیںانہوں نے کہا کہ تاریخ سے یہ سیکھا جا سکتا ہے کہ کھیلوں اور اولمپکس نے لوگوں کے درمیان تعاون کو فروغ اور قوموں کو متحد کیا ہے اور ان کھیلوں میں حصہ لینے والے نوجوان میزبان ملک کی یادیں اپنے ممالک میں واپس بھی لا سکتے ہیں۔کھیلوں کو سیاست زدہ کرنے کو بلاجواز اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش ناکام ہوجائیں گی اور دنیا اولمپکس میں ممالک کی بھرپور شرکت دیکھے گی۔
پاک چین تعلقات کی ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مضبوط ہوئی ہے اور دوطرفہ تعلقات دنیا کی تمام اقوام کے درمیان دوستی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ایک نمونہ بن چکے ہیں۔صدرعارف علوی نے کہا کہ چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے اہم منصوبے، چین پاکستان اقتصادی راہداری( سی پیک) سے گزشتہ سال پاکستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ ملا ہے، مقامی افراد کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوئے اور صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے ذریعے پاکستان میں غربت کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ایک اہم منصوبے کی حیثیت سے، گوادر بندرگاہ نے بڑی ترقی کی ہے، پاکستان اور چین علاقائی تجارت اور لاجسٹکس کے ایک مرکز کے طور پر بندرگاہ کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے گوادر فری زونز کی تعمیر کو تیز کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔علوی نے کہا کہ ان کے خیال میں گوادر بندرگاہ پورے خطے میں امن کے امکانات کو فروغ دے گی۔
صدر نے کہا کہ سی پیک کے اعلی معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں، دونوں ممالک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی )، سائبر سیکورٹی، زراعت اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے اور یہ کہ پاکستان چین کی مدد سے آئی ٹی ٹیلنٹ کی تربیت اور سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کی ترقی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) نے 2021 میں اپنے قیام کی 100 ویں سالگرہ منائی۔ صدر عارف علوی نے انٹرویو کے دوران ایک بار پھر سی پی سی کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔صدر نے مزید کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 19ویں مرکزی کمیٹی کے چھٹے مکمل اجلاس کے دوران منظور کردہ تاریخی قرارداد میں گزشتہ صدی کے دوران پارٹی کی اہم کامیابیوں اور تاریخی تجربات کا احاطہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے گزشتہ صدی کے دوران قومی آزادی، عوام کی آزادی اور غربت کے خاتمے سمیت قابل ذکر کامیابیوں کے حصول کے لیے چینی عوام کی قیادت کی جو دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ایک تحریک کا باعث ہیں۔
انٹرویو کے دوران، صدر عارف علوی نے آمدہ چین کے نئے قمری سال پر مبارکباد دیتے ہوئے رواں سال ہونے والی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20ویں قومی کانگریس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



