
اسلام آباد: کار ساز کمپنیوں نے منی بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں یک دم بڑا اضافہ کردیاہے ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں بڑی گاڑیوں پرعائد ٹیکس میں اضافہ کے بعد گاڑیاں بنانے والی تمام کمپنیوں نے قیمتیں بڑھادی ہیں۔
کارمینوفیکچررز کمپنیوں نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کے نام پر گاڑیوں کی قیمتوں میں چار لاکھ روپے تک اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے خریداروں کی پریشانی بڑھ گئی ہے کیونکہ منی بجٹ سے کچھ عرصہ قبل بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔
کارڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں ایک ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن کمپنیوں نے چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
کار ڈیلرز کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے گاڑیوں کا کاروبار انتہائی نازک دور میں داخل ہوگیا ہے اور نئی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پرانی گاڑیوں کی خرید و فروخت پر بھی ہوا ہے۔



