رات گئے سنگجانی میں تحریک انصاف کے جلسہ کی جگہ تبدیل

نئی جگہ پرانی جگہ کے بالکل سامنے ہے، کام شروع کردیا جلسہ ہر صورت ہوگا ، عامر مغل

اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے رات گئے تحریک انصاف کے جلسہ کی جگہ تبدیل کر دی ، اب جلسہ سنگجانی میں مویشی منڈی کے مقام پر ہوگا۔ ریجنل صدر عامر مغل کے زیر نگرانی نئی جگہ پر جلسہ کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔عامر مغل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جلسہ ہر صورت ہوگا،نئی جگہ بھی پرانی جگہ کے بالکل سامنے ہے۔ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا جلسہ ہر صورت آٹھ ستمبرکو ہی ہوگا۔نئی جگہ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ سے جاری ہونے والے عامر مغل کے خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی حرکتیں ثابت کرتی ہیں کہ ناجائز حکومت تحریک انصاف کی عوامی طاقت سے خوفزدہ ہے۔
عامرمغل کی زیر نگرانی جلسہ گاہ میں کام کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔کینٹینر اور دیگر سامان موقع پر پہنچ چکا ہے اور سینکڑوں کارکنان موقع پر موجود ہیںجن کا جوش و خروش عروج پر ہے۔
عامر مغل نے کہا ہے کہ اسلام آباد 8ستمبر کو ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔کارکنان عمران خان کی رہائی، مہنگائی کے ذمہ دار مینڈیٹ چوروں سے خلاصی اور آزاد عدلیہ کی حفاظت کئلیے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ راستے بند ہونے کی صورت میں پنڈی اسلام آباد کی عوام موٹرسائیکل استعمال کریں۔عمران خان کا جیل سے خصوی پیغام ہے پنڈی اسلام آباد کی عوام کو پیدل بھی آنا پڑے تو جلسہ گاہ میں آئے۔
عامر مغل نے کہا اگرچہ جی ٹی رو ڈ کو بند کر کے ہمارے ہاتھ پائوں باندھ کر جلسہ کروایا جا رہا ہے پھر بھی ہم اسلام آباد کا سب سے تاریخی جلسہ کریں گے۔انہوں نے کہا جلسہ میں شرکت کرنے والی خواتین اور فیملیز کیلئے خصوصی بندوبست ہے خواتین کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کرے گی۔