اتحادی من پسند وزارتیں نہ ملنے پر ناراض ،صدر حلف لینے پر آمادہ نہیں ،کابینہ کی تشکیل کا معاملہ مزید لٹک گیا

اسلام آباد:صدر مملکت عارف علوی نے نومنتخب کابینہ سے حلف لینے سے انکارکردیا ہے جس کے باعث پیر کی رات ہونیوالی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی ہے۔ پیر کو رات آٹھ بجے کابینہ کی حلف برداری تھی تاہم عین وقت پر صدر مملکت عارف علوی نے وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد ایوان صدر میں ہونے والی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے معذرت کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی وفاقی کابینہ کے ارکان سے حلف لیں گے لیکن یہ معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا ہے ۔پہلے ہی من پسند وزارتیں نہ ملنے پر اتحادی مسلم لیگ ن سے ناراض تھے جس کے باعث ایک ہفتہ سے زائد گزرنے کے باوجود کابینہ کی تشکیل نہ ہوسکی تھی اور اب خریں آئی ہیں کہ صدر نے کابینہ سے حلف لینے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع ایوان صدر کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب اب کل یا پرسوں ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے آج رات ساڑھے 8 بجے حلف اٹھانا تھا، وزیراعظم آفس نے کابینہ کی حلف برداری کے لیے ایوان صدر سے رجوع کیا تھا تاہم صدر مملکت نے حلف لینے سے انکار کردیا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کے مطابق نئی وفاقی کابینہ 36 رکنی ہوگی جس میں پیپلزپارٹی کے 11، ن لیگ کے 14 اور جے یو آئی کے 4 وزرا حلف اٹھائیں گے اور 7 وزارتیں دیگر اتحادی جماعتوں کو دی جائیں گی۔ اتحادی جماعتوں کو کتنی اور کون سی وزارتیں دی جائیں گی اس حوالے سے حتمی نام تاحال سامنے نہیں آئے ہیں۔