میٹھی عید ٹھنڈی بھی ہوگی، بارش کے ساتھ ساتھ بار لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھی کم ہوجائے گا

محکمہ موسمیات نے عید کی چھٹیوں کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی خوش خبری سنادی


اسلام آباد :ملک میں عید کی چھٹیوں کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی سامنے آگئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران گرمی کی حالیہ شدید لہر میں کمی کا امکان ہے اس سلسلے میں یکم سے 3 مئی کے دوران صوبہ بلوچستان ، سندھ اور پنجاب کے اکثر علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ یکم سے 2 مئی کے دوران کراچی سمیت صوبہ سندھ کے اکثر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلے گی ، 2 سے 4 مئی کے دوران اسلام آباد اور صوبہ پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی گرد آلود ہواں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح یکم سے 5 مئی کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا اور کشمیر گلگت بلتستان میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ 2 سے 5 مئی کے دوران گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
ادھر حکومت نے بھی آئندہ 10 روز میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کی نوید سنادی ، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کا بحران ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہے ، دیہی علاقوں میں زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جس کی وجہ ایندھن نہ ہونا ہے ، پانچ ہزار 739میگاواٹ بجلی کی پیداوارنہیں ہو رہی ہے، ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی نہیں بنا پارہے، ٹیکنیکل فالٹ اور سالانہ مین ٹنینس کے باعث 2ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی سسٹم میں نہیں، کچھ پلانٹس مرمت کے لیے بند ہیں جس کی وجہ 2ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی نہیں بن رہی۔انہوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے والے بجلی گھروں میں ملازمین کی عید کی چھٹیاں کینسل کردی گئی ہیں، یکم مئی سے ایل این جی اور 2 مئی سے فرنس آئل اور گیس ملے گی ، فرنس آئل اور گیس کے ملنے کے بعد اگلے 10دن میں لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوگی، فرنس آئل ملناشروع ہوجائیگاجس سے بہتری آئیگی۔