اسرائیل سے تعلقات کی باتیں رجیم چینج ایجنڈے کا حصہ ہے،عمران خان

تحریک انصاف کے زیراہتمام عوامی اجتماعات سے ویڈیو لنک خطاب


اسلام آباد:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران اتحاد کے رہنما کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات کی باتیں ملک میں حکومت کی تبدیلی کے مبینہ سازش کا حصہ ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں مہنگائی کیخلاف تحریک انصاف کے زیر اہتمام عوامی اجتماعات سے ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جس مقصد کیلیے رجیم جینج کی گئی تھی وہ یہی ہے کہ ہم وہ کریں جو امریکا،بھارت اور اسرائیل چاہتے ییں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ایجنڈا ہمارے آزادی اور خود مختاری کیخلاف ہے، مذکورہ ایجنڈے پر چلنا اپنے نظریے کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سلیم مانڈوی والا اسرائیل سے تعلقات بنانے کی بات کرتے ہیں، یہ سب ایک ایجنڈے کے تحت یہ کام کررہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، ہم نے بھی بھارت سے اچھے تعلقات بنانیکی کوشش کی تھی مگر جب بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی توہم نے ناطہ توڑدیا۔ اب اگربھارت سے تعلقات بناتے ہیں تو یہ کشمیریوں سے غداری ہوگی۔عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل جان لیں امریکی کبھی کوئی رعایت مفت میں نہیں کرتے، امریکا سے کوئی رعایت ملی تو ملکی سلامتی، آزادی پر سمجھوتہ کرنا ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم کا دھیان رکھا مگر ہمارے بعد پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا، ہم نے کورونا وبا ء میں بہترین طریقے سے معیشت کو بچایا مگر سازش کے تحت ہماری حکومت کو گرایا گیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے کسانوں کو بہت نقصان ہورہاہے، کسان متاثر ہوگا تو فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ کہاگیاآئی ایم ایف کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں، ہم نے بھی آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا لیکن قوم کاخیال رکھا۔
سابق وزیرعظم کا کہنا تھا کہ ان کے بغیر ہم نے ایف اے ٹی ایف کیلئے قانون سازی کی، مجھے ساڑھے 3 سال سے بار بار بلیک میل کیا جارہا ہے، یہ صرف دوسرا این آر او چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہونے کے باوجود ہیلتھ انشورنس دی اور اپنا پیٹ کاٹ کرپیٹرول اورڈیزل پرسبسڈی دی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈالر208پر پہنچ گیا،خدشہ ہے پاکستان میں سری لنکا جیسے حالات پیدا نہ ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوٹرلز سے کہا سازش کامیاب ہوگئی تو معیشت تباہ ہوجائے گی، معیشت تباہ ہوئی تو ملک سنبھالا نہیں جائے گا، شوکت ترین کے ذریعے کہا یہ ملک کیلئے اچھا نہیں ہورہا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب نے ہمارے دور میں 480ارب روپے ریکورکیے اور اب جب یہ نیا نیب قانون بنے گا تو کل ان کے1200ارب کے کرپشن کیسز ختم ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خرم دستگیرکی بات سے ثابت ہوگیا کہ یہ صرف این آراو ٹو لینے حکومت میں آئے، پہلے ان کومشرف نے این آر او دیا اب ان کواین آراوٹو مل گیا۔