ہمیں زندہ رہنے کے لئے ڈاکوئوں کو بھتہ دینا پڑتا ہے حکومت تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو اس مد میں رقم رکھے،قومی اسمبلی میں خطاب

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن سردار ریاض مزاری نے ڈاکوں کے خاتمے کیلئے بجٹ مانگ لیا، انہوں نے کہا کہ حکومت ڈاکوں کا خاتمہ کرے یا بھتہ دینے کیلئے بجٹ مختص کرے، ہمیں ڈاکوں کو بھتہ دے کر زندہ رہنا پڑتا ہے۔ ہم نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے منحرف رکن سردار ریاض مزاری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجن پور میں ڈاکوں کے خاتمے کیلئے بجٹ مانگ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں ڈاکوں کو بھتہ دے کر زندہ رہنا پڑتا ہے، حکومت یا تو ڈاکوں کا خاتمہ کرے یا پھر بھتہ دینے کیلئے بجٹ میں رقم مختص کرے۔ سردار ریاض مزاری نے کہا کہ ابھی پنجاب حکومت سے ایک میٹنگ ہوئی ہے، دیکھتے ہیں ڈاکوں کے حوالے سے کیا کرتے ہیں۔
اس سے قبل بھی 20 اکتوبر2021 کو تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سردار ریاض مزاری نے راجن پور سے کشمور تک ملحقہ علاقوں میں ڈاکو راج کا معاملہ اسمبلی میں اٹھایا تھا۔
تحریک انصاف سردار ریاض مزاری نے نکتہ اعتراض پر کہا تھا کہ راجن پور سے کشمور تک ملحقہ علاقوں میں ڈاکوں کا راج ہے، میرے حلقے کے لوگ سڑک گلی نالی نہیں مانگتے وہ صرف امن مانگتے ہیں، دس لوگ دن دیہاڑے قتل ہوگئے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزیراعلی، جنرل فیض سے بھی مل چکا ہوں مگر کچھ بھی نہیں ہوا، عوام کہتے ہیں کہ مرکز اور صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت ہے تو پھر
امن و امان کون قائم کرے گا، مجھے کہا جاتاہے بی ایل اے والے ایسی کاروائیاں کررہے ہیں، جو بھی کارروائیاں کررہا ہے روکنا تو ہماری حکومت نے ہے، باقی سب کو مل چکا ہوں اب صرف ایک جنرل قمر جاوید باجوہ رہ گئے ہیں، ڈپٹی سپیکر نے ڈاکوں کا معاملہ تحقیقات کے لئے قائمہ کمیٹی داخلہ کو بھیج دیا تھا۔

