ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جرم ثابت ہو چکا سزا کا تعین باقی ہیجو پارٹی پر پابندی یا عمران خان کی نااہلی ہو سکتی ہے
نواز شریف اگلے انتخابات سے پہلے وطن واپس آئیں گے،ہم نے نظام کو ایک اور موقع دیا، خصوصا انصاف کا نظام اپنی تصحیح کرے

لاہور:مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ آخری کیس نہیں ہے، خان صاحب نے اس کے علاوہ بھی کئی چاند چڑھائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جرم ثابت ہو چکا بس سزا کا تعین باقی ہے، جو جرم ثابت ہوا ہے جو سزا ہو سکتی ہے وہ پارٹی پر پابندی یا عمران خان کی نااہلی ہو سکتی ہے، عمران خان سے رقم برآمد کی جائے گی، مزید جو لوگ ملوث ہیں وہ بھی گرفتار ہوں گے اور انہیں بھی سزا ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ چاروں کام کرنے کے لیے ڈیکلیریشن سپریم کورٹ بھیجی جائے گی، ایف بی آر، ایف آئی اے اور دیگر مالیاتی اداروں کی مدد سے تحقیقات ہوں گی، اس معاملے کو مزید طول نہیں دیا جائے گا، تحقیقات جلد مکمل ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آخری کیس نہیں ہے، اس کے بعد بھی خان صاحب نے کئی چاند چڑھائے ہوئے ہیں، اس لاڈلے کو پوچھتے پوچھتے 8 سال ہو گئے، اس معاملے میں حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔ عمران خان کو صادق اور امین بنایا گیا جس میں شرعی اور دنیاوی عیب ہیں، انصاف کا نظام اگر صحیح طرح کام کرتا تو عمران خان ریاست کا والی نہ ہوتا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف بالکل واپس آئیں گے اور ان کا حق ہے کہ وطن واپس آئیں، نواز شریف اگلے انتخابات سے پہلے وطن واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی اپنے قلم سے وہ تمام ظلم اور جبر جو نواز شریف یا کسی کارکن پر ہوا ختم کر دینا چاہیے تھا، ہم نے نظام کو ایک اور موقع دیا، خصوصا انصاف کا نظام اپنی تصحیح کرے۔


