قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا اعلان،پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا اعلان کر دیا ہے جن میں وہ حلقے بھی شامل ہیں جہاں سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں، جن کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔ یہ ضمنی انتخاب این اے 22 مردان 3، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور 5، این اے 45 کرم 1، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب 2 میں ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ ضمنی انتخاب کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 237 ملیر 2، این اے 239 کورنگی کراچی 1 اور این اے 246 کراچی جنوبی 1 میں بھی ہو گا۔