نسیم کے 2 چھکوں نے سب کے چھکے چھڑا دئیے ، افغان کھلاڑی شکست پر زاروقطار روتے رہے

افغانستان ٹورنامنٹ سے باہر ،بھارتی ٹیم کی ایشیاء کپ میں واپسی کی امیدوں پر بھی پانی پھر گیا

بئی :ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میںافغانستان کرکٹ ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود پاکستان کے ہاتھوں شکست پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائی اور افغان کھلاڑی اسٹیڈیم میں ہی ایک دوسرے کے گلے لگ کر زاروقطار روتے رہے۔
پاکستان اور افغانستان کا مقابلہ آخری اوورز تک سنسنی خیز رہا لیکن نسیم شاہ کے دو لگاتار چھکوں نے جہاں افغانستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا وہی انڈین ٹیم کی ایشیا کپ میں واپسی کی امید پر بھی پانی پھر گیا۔
پاکستان ٹیم کے کھلاڑی جہاں افغانستان سے فتح کے بعد اسٹیڈیم میں جشن کے لیے بھاگے چلے آئے ۔پاکستانی کھلاڑی جہاں خوشی سے چھلانگیں لگارہے تھے وہیں افغانستان کے کھلاڑیوں کو روتے ہوئے دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
خوشی منانے والوں میں محمد آصف پیش پیش تھے جن کی بھارتی بولر سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔
ویڈیو میں افغان وکٹ کیپر رحمان اللہ گرباز اور فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کو روتے دیکھا گیا جبکہ کھلاڑی نوین الحق نے اس موقع پر فاروقی کو دلاسہ دینے کے لیے انھیں گلے بھی لگایا، محمد نبی بھی مایوس سے نظر آئے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
پاکستان نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کر کے تاریخی فتح سمیٹی۔
اس میچ میں نہ صرف پاکستانی اور افغان کھلاڑیوں میں تلخ کلامی ہوئی بلکہ شکست پر دلبرداشتہ افغان تماشائیوں نے بھی پاکستانی تماشائیوں سے بدتمیزی کی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے احتجاج کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
۔۔۔۔