ممتا سب سے طاقتور بھارت میں بیٹے کو بچانے کے لیے نہتی ماں شیر کے سامنے ڈٹ گئی

ماں اس کوشش میں زخمی ہوگئی تاہم اب دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے


نئی دہلی:بھارت کے شہر نئی دہلی میں بہادر ماں اپنے بچے کو شیر کے جبرے کے بچانے کے لیے نہتی لڑ پڑیں اور اپنے بیٹے کو شیر کے چنگل سے چھڑا لیا لیکن اس کوشش میں وہ خود بھی زخمی ہو گئیں۔ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارچنا چوہدری نامی خاتون اپنے 15 ماہ کے بیٹے کے ساتھ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے گائوں میں گھر کے قریب رفع حاجت کے لیے جارہی تھیں۔
مقامی عہدیدار سنجویو شریواستو نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ شیر قریبی بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو سے بھٹک کر یہاں پہنچا تھا، جس کے بعد اس نے بچے پر حملہ کردیا، شیر نے اپنے جبڑے سے بچے کے سر پر حملہ کیا تھا، ماں یہ دیکھ کر ہکا بکا رہ گئی لیکن انہوں نے اپنے آپ کو فورا سنبھالتے ہوئے بیٹے کو شیر سے بچانے کی کوشش کی تو شیر نے ان پر بھی حملہ کردیا۔ماں کی چیخ و پکار سننے پر گاں کے مقامی لوگ جمع ہو گئے اور ماں اور بچے کو بچانے کی کوشش کی، ہجوم کو دیکھ کر شیر جنگل کی جانب فرار ہو گیا۔
سنجویو شریواستوکا کہنا ہے کہ خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ماں اور بچے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق علاقے کا سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ مقامی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت گھر سے باہر نہ نکلیں۔
جنوبی ایشیا میں جنگلات کی کمی کی وجہ سے جانوروں کے انسانوں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، بھارت میں سنہ 2014 اور 2019 کے درمیان شیر کے حملوں میں تقریبا 225 افراد ہلاک ہوئے۔
2012 اور 2018 کے درمیان 200 سے زائد شیرشکار کی وجہ سے یا بجلی کے کرنٹ لگنے سے مارے گئے، پوری دنیا میں تقریبا 70 فیصد شیر بھارت میں پائے جاتے ہیں جبکہ 2018 میں شیروں کی آبادی کا تخمینہ 2 ہزار 967 لگایا گیا تھا۔
یا د رہے کہ بھارت ہی میں اسی طرح کچھ روز قبل ایک ماں نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے اپنے بچے کو زہریلے ناگ کے ڈسنے سے بچایا تھا۔