کامسٹیک کا سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس کے انتظام بارے تربیت کا انعقاد

اسلام آباد : کامسٹیک نے پردیس ٹیکنالوجی پارک، ایران اور آئی سی سی بی ایس ٹیکنالوجی پارک اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹر، پاکستان کے تعاون سے کامسٹیک میں سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس کے انتظام کے حوالے سے ایک بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ دو روزہ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے پردیس ٹیکنالوجی پارک کے ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی امور اور تعلقات عامہ امین رضا خلیغیان نے خطاب کیا۔ انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس کے قیام اور بہترین انتظام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پردیس ٹیکنالوجی پارک کے پروگراموں اور سرگرمیوں کے بارے میں بات کی۔
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے شرکا کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس علمی معیشت کے ایکو سسٹم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائنس پارکس تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ پروفیسر چودھری نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے پارکس 1951 سے لے کر اب تک انہوں نے امریکہ، برطانیہ، چین، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی ممالک سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس کی اہمیت کو تیزی سے سمجھ رہے ہیں اور ہم ترکی، ایران، ملائیشیا، مصر اور اب قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، پاکستان اور کئی وسطی ایشیائی ممالک میں کامیابی کی بہت سی کہانیاں دیکھ رہے ہیں۔پروفیسر چودھری نے بتایا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی ایک بڑی اکثریت، خاص طور پر افریقہ میں، نوجوانوں کی اختراعی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے اس عمل میں اب بھی پیچھے ہیں۔ کامسٹیک نے شراکت دار اداروں کے ساتھ، سائنس پارکس کو مضبوط بنانے میں مدد کے لیے بڑے اقدامات شروع کیے ہیں، جن میں ایران میں قائم سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس پر بین الاسلامی نیٹ ورک کا قیام بھی شامل ہے۔
پرو ریکٹر برائے ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن، نسٹ نے سیشن سے خطاب کیا اور سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس کی اہمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔