نیوزی لینڈ سے سیریز کے دوران بابر اعظم اعدادو شمار کے لحاظ سے وائٹ بال کرکٹ کے عظیم ترین پاکستانی بلے باز بھی بن گئے
قومی کپتان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 21 سنچریاں سکور کرچکے ہیں، سعید انور کا 20 سنچریوں کے ساتھ دوسرا نمبر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میںتیز ترین 5000 رنز اور تیز ترین 18 سنچریاں سکور کرنے کے ساتھ ساتھ اعدادو شمار کے لحاظ سے پاکستان کا عظیم ترین بلے باز ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ بابرا عظم کو اس کامیابی کی خوشی میں انعام کے طور پر ورلڈ کپ تک کیلئے پاکستان کا کپتان بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کیریئر کی 18 ویں سنچری سکور کرتے ہوئے 107 رنز بنائے۔ یہ بابراعظم کے ون ڈے کیریئر کی 97 ویں اننگز تھی۔ بابر اعظم اعدادو شمار کے لحاظ سے عظیم ترین وائٹ بال پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں ۔ بابر اعظم اب تک ون ڈے کرکٹ میں 18 اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 3 سنچریاں سکور کرچکے ہیں ۔
قومی ٹیم کے مایہ ناز اوپنر سعید انور 20 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں ، سابق کپتان محمد یوسف 15 سنچریوں کے ہمراہ تیسرے جب کہ محمد حفیظ 11 سنچریاں بنا کر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں ۔
پاکستانی کپتان ون ڈے کیریئر کی 18 ویں سنچری 11 ماہ کے وقفے کے بعد سکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 17 ویں سنچری انہوں نے گذشتہ برس جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سکور کی تھی۔ اسی میچ میں بابراعظم نے ہاشم آملہ سے ایک روزہ میچوں میں تیزترین 5000 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی چھین لیا۔ بابر اعظم نے 5000 رنز کا سنگ میل کیریئر کی 97 ویں اننگز میں عبور کیا جبکہ ہاشم آملہ نے 101 اننگزمیں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
دوسری طرف قوی ٹیم کو نمبر ون بنانے پر ، ورلڈکپ تک بابر کوکپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق جلد پی سی بی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستانی قوم ، ٹیم ، کپتان بابراعظم اور کوچز کو مبارکباد دی۔ پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پرقوم اور خاص طور پرٹیم کومبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ایسی چیزوں سے موٹیویشن ملتی ہے۔
2005 میں آئی سی سی رینکنگز کے باضابطہ اجرا کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں تھی، سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کے چاروں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
تاہم 5 مئی کو یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم کی 9 سال قبل یعنی اسی روز 5 مئی 2014 کو کی گئی ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ اس ٹوئٹ میں بابر نے لکھا تھا ‘شکر ہے اللہ کا کہ میں پاکستان کے کیمپ کے لیے سلیکٹ ہوگیا، پاکستان کا کنڈیشنل سمر کیمپ 8 مئی سے شروع ہورہا ہے’۔ اس حوالے سے میچ کے بعد کی تقریب میں میزبان سکندر بخت نے بابر سے سوال بھی کیا کہ آج ہی کے دن 9 سال قبل آپ کو پاکستان کی سینئر کیمپ میں شامل کیا گیا تھا اور آج اسی دن آپ کی ٹیم ون ڈے میں پہلی پوزیشن پر ہے۔ جواب میں کپتان نے کہا ‘تب سے لے کر اب تک کا میرا سفر یادگار ہے جس میں کئی اتار چڑھائو دیکھے، مجھے میری ٹیم سمیت مداحوں اور اہلخانہ کا سپورٹ رہا جس پر میں شکر گزار ہوں’۔



