حج کیلئے جمع کردہ رقم دیمک کھا گئی، مکے مدینے جانے کی خواہشمند ملائشین خاتون غم سے نڈھال

ملائشین کرنسی میں 9 ہزار ڈالر کے قریب رقم گتے کے ڈبے میں رکھی گئی تھی اور یہی خاتون کی غلطی ثابت ہوئی


کوالالمپور: ملائیشیا میں ایک معمر خاتون کی طویل عرصے سے حج کے لیے جمع کی گئی رقم دیمک کھا گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملائیشیا میں خاتون نے اپنے حج کے لیے زندگی بھر کی بچت محفوظ کر رکھی تھی کہ اسے دیمک کھا گئی جس کی باقیات بھی اب پہنچاننے کے قابل نہیں رہی ہیں۔
خاتون کی جانب سے رقم گتے کے ڈبے میں رکھی گئی تھی اور یہی خاتون کی غلطی ثابت ہوئی۔ ملائیشیا کرنسی میں یہ رقم 30 ہزار کے برابر تھی جو ڈالروں میں 8 ہزار 700 بنتی ہے، اس طرح باریک دہشتگرد کیڑوں نے جمع پونجی کو ردی کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔
واقعے کے بعد خاتون کے پوتے خیرالاظہر نے تباہ حال نوٹوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔ انہوں نے لکھا کہ کچھ نوٹ ادھ کھائے ہوئے تھے جنہیں لے کر وہ بینک گئے کہ شاید اس سے کچھ رقم مل سکے تاہم بہت سارے نوٹ مکمل طور پر ضائع ہو چکے تھے۔خیرالاظہر کے مطابق ان کی دادی 2024 میں حج پر جانا چاہتی تھیں اور اسی لیے انہوں نے یہ رقم ایک طویل عرصے سے سنبھال رکھی تھی۔