
ڈھاکا:پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیمیوں کے درمیں ون ڈے سیریز کا آغاز ہوگیا اس بار ان دونوں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں مقابلہ ہورہا ہے۔ اس سلسلے کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج ہفتہ کو شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے ۔بقیہ دو ون ڈے انٹرنیشنل سات اور دس نومبر کو اسی میدان میں ہونگے۔ یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کی لائیو اسٹریمنگ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے یوٹیوب چینل پر کی جائے گی۔
پاکستان اسوقت آئی سی سی کی ویمنز چیمپئن شپ میں بارہ میں سے چھ میچ جیت کر چھٹے اور بنگلہ دیش نو میچوں میں سے ایک میچ جیت کر نویں نمبر پر ہے جبکہ آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں بنگلہ دیش کا نمبر آٹھواں اور پاکستان کا دسواں ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ابتک بارہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں دونوں نے چھ چھ میچ جیتے ہیں۔
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان کی اوپنر سدرہ امین بارہ میچوں میں دو سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے634 رنز بناکر سرفہرست ہیں جبکہ بسمہ معروف چھٹے نمبر پر ہیں انہوں نے بارہ میچوں میں چار نصف سنچریوں کی مدد سے391 رنز بنائے ہیں۔
بولنگ میں لیگ اسپنر غلام فاطمہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں بارہ وکٹیں سات میچوں میں حاصل کرچکی ہیں۔لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو نے گیارہ میچوں میں گیارہ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ آف اسپنر ندا ڈار نے گیارہ میچوں میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں۔
31 سالہ سدرہ امین جو گزشتہ سال ویمنز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہملٹن میں سنچری بناچکی ہیں پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ بنگلہ دیش ایک اچھی ٹیم ہے جس کی جھلک اس نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دکھائی ہے۔ہمیں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے بہترین کھیل دکھانا ہوگا۔ تمام کھلاڑی اپنے کھیل پر محنت کررہی ہیں اوراس نے پریکٹس سیشنز بھی کیے ہیں اور ایک پریکٹس میچ کھیل کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکی ہیں اور چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔سدرہ امین کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی بیٹنگ میں ٹاپ پر ہیں لیکن وہ چاہتی ہیں کہ آنے والے میچوں میں رنز بناکر اپنی ٹیم کی کامیابیوں میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ غلام فاطمہ ۔ ارم جاوید۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔پلیئر سپورٹ اسٹاف۔ ناہیدہ خان ( منیجر ) محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ ) سلیم جعفر ( بولنگ کوچ ) توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) محمد اسفندیار ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ) سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر ) رفعت اصغرگل ( فزیو تھراپسٹ )اور زبیر احمد ( انالسٹ ) ۔
ون ڈے سیریز کا شیڈول اس طرح ہے۔
4 نومبر۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس میرپور میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔
7نومبر۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے ۔ مقامی وقت۔
10 نومبر۔تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس ۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔




