شیری مزاری کے ہاں خوشی ، بیٹی ایمان مزاری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی صاحبزادی اور انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل ایمان زینب مزاری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں ہیں۔28 دسمبر کی رات کو ایمان مزاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصویر شئیر کی اور کیپشن میں انگوٹھی کے ساتھ دل کے ایموجی بھی شئیر کیے۔ساتھ ہی انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ اپنی تصویر بھی شئیر کی جس میں وہ ایک سجے سجائے کمرے میں بیٹھے ہیں۔
ایمان مزاری کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے شوہر عبدالہادی نے لکھا کہ میں نے جس سے محبت کی اس سے شادی کرلی ہے۔عبدالہادی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے بائیو کے مطابق وہ بھی انسانی حقوق کے وکیل،ایگزیکٹو ڈائریکٹر، فیئر ٹرائل ڈیفینڈرز کے بانی ہیں۔
تصویر میں ایمان مزاری کو آف وائٹ کڑھائی والی جارجٹ ساڑھی پہنے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کی دونوں کلائیوں پر سفید پھول ہیں۔جبکہ دولہے نے سفید رنگ کی شیروانی کے ساتھ سفید رنگ کے واسکٹ کا انتخاب کیا ہے اور ساتھ ہی کریم رنگ کی پگڑی بھی پہن رکھی ہے۔
ایمان مزاری کو انصاف کے محتاج لوگوں کی مدد کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، وہ خواتین کے تشدد اور ظلم کے خلاف بھی آواز اٹھاتی آئی ہیں۔وہ ماضی میں جبری گمشدگیوں کے معاملے پر فوجی اسٹیبلشمنٹ پر سخت تنقید کرتی رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار بھی کیا تھا، والدہ شیریں مزاری کی گرفتاری پر بھی انہیں ان کے شانہ بشانہ کھڑے دیکھا گیا۔
دوسری طرف زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے پر ساتھی وکلا اور دوستوں نے ایمان مزاری کو مبارک باد پیش کی۔ڈیجیٹل رائٹس ایڈووکیٹ اسامہ خلجی نے جوڑے کو مبارک باد دی۔سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر نے بھی ایمان مزاری کو شادی کی مبارک باد پیش کی، انہوں نے لکھا کہ آپ دونوں کو بہت بہت مبارک ہو، آپ دونوں کو خوشیاں اور کامیابی نصیب ہو۔جیسے جیسے لوگوںکو اس شادی کا معلوم ہورہا ہے وہ ایمان مزاری کو مبارکباد دے رہے ہیں۔