
لاہور: لاہور کی ایک خاتون پولیس افسر نے حاضر دماغی ، تدبر اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خاتون کو مشتعل ہجوم کے چنگل سے چھڑا لیا جبکہ مشتعل ہجوم کے ہاتھوں خاتون کی جان خطرے میں تھی ۔
لاہور پولیس کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب اچھرہ بازار میں ایک کیفے میں صورت حال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب ایک خاتون کے کپڑوں پر لوگوں نے اعتراض کرنا شروع کردیا۔ خاتون کے کپڑوں پر عربی کیلیگرافی میں کچھ الفاظ تحریر تھے جن کو لوگ مقدس کلمات سمجھ رہے تھے۔مذکورہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ کھانا کھانے آئی تھیں جب انہیں اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔
خاتون کے شوہر نے بھی صورت حال کو دیکھتے ہوئے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کر دی جس کے تھوڑی ہی دیر میں اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہربانو نقوی پولیس کی نفری لے کر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس کے آنے تک ہجوم بپھر چکا تھا اور نعرے بازی جاری تھی۔
اس واقعے کو مختلف لوگوں اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کیا۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اے ایس پی شہربانو نقوی مشتعل ہجوم کے سامنے تقریر کر رہی ہیں اور انہیں متنبہ کر رہی ہیں کہ وہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور پولیس پر بھروسہ رکھیں۔ جس کے بعد وہ اندر جا کر اس خاتون کے چہرے کو ڈھانپ کر اپنے بازوں میں ہجوم کے اندر سے نکال کر لانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔
تھانہ اچھرہ میں ابتدائی تفتیش کے بعد اے ایس پی شہربانو نقوی نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہی یہ بات سامنے آئی کہ لوگ جس وجہ سے مشتعل ہوئے بات ایسی نہیں تھی۔لوگوں نے محض عربی زبان کے حروف کو آیات سمجھ لیا۔
پولیس کی جانب سے جاری اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اے ایس پی کے ساتھ تھانہ اچھرہ کے ایس ایچ او ،اچھرہ بازار سے تاجر، عالم دین اور ہجوم کا نشانہ بننے سے بچ جانے والی خاتون چہرہ ڈھانپے بیٹھی ہیں۔اے ایس پی شہربانو نے ابتدائی بات کے بعد علما کو کہا وہ خود ہی وضاحت کریں جس پر ایک شخص نے بتایا کہ جب یہ واقعہ ہوا تو وہ خود وہاں موجود تھے اور عربی زبان کے الفاظ میں ایسا کچھ نہیں تاہم اس کا ڈیزائن ایسا تھا کہ مغالطہ ہوا۔
آخر میں وہ خاتون بھی بول کر کہتی ہیں کہ انہوں نے ایک ڈیزائنر سے وہ کپڑے لیے ان پر متبرک الفاظ نہیں محض عربی زبان کی خطاطی ہوئی تھی۔ان کے کپڑوں کی وجہ سے لوگوں کو جو غلط فہمی ہوئی اس پے وہ معافی کی خواستگار ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد ہی خاتون کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اے ایس پی سید شہربانو نقوی کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی پر صارفین انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق خاتون کو اس بہادری پر خصوصی انعام اور میڈل دیا جائے گا۔
لاہور:خاتون پولیس افسر کی بہادری مشتعل ہجوم سے خاتون کو بچا لیا



